وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے ازبکستان کے نائب وزیر برائے سرمایہ کاری، صنعت و تجارت شاہ رُخ غلاموف کی ملاقات

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے ازبکستان کے نائب وزیر برائے سرمایہ کاری، صنعت و تجارت شاہ رُخ غلاموف کی وزارتِ صنعت و پیداوار میں ملاقات ہوئی۔ وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاک۔ازبک تعلقات، دو طرفہ تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے پر تفصیلی تبادلۂ خیال …

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے ازبکستان کے نائب وزیر برائے سرمایہ کاری، صنعت و تجارت شاہ رُخ غلاموف کی وزارتِ صنعت و پیداوار میں ملاقات ہوئی۔ وزارت صنعت و پیداوار کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاک۔ازبک تعلقات، دو طرفہ تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

معاون خصوصی ہارون اختر خان نے ازبک نائب وزیر اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں اور وقت کے ساتھ مزید وسعت اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، معاشی اور تجارتی روابط میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، جو باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات کی عکاسی کرتا ہے۔ہارون اختر خان نے بتایا کہ وزیر اعظم کا وژن ہے کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان باہمی تجارت کو دو ارب ڈالر تک بڑھایا جائے، جس کے لیے تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے علاقائی رابطہ کاری کے ذریعے تجارت کے فروغ پر دونوں ممالک کے اتفاق کا بھی ذکر کیا۔ازبک نائب وزیر شاہ رُخ غلاموف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ایک دوستانہ ملک ہے اور ازبکستان باہمی فائدے اور مشترکہ ترقی کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور صنعت کے شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دینے کا عزم رکھتے ہیں، جبکہ پاک۔ازبک شراکت داری خطے میں استحکام اور خوشحالی کا باعث بنے گی۔ملاقات میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایات پر پاک۔ازبک مشترکہ منصوبوں کے لیے متعلقہ کمیٹیاں فعال کر دی گئی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر پیش رفت تیزی سے جاری ہے۔