کامسٹیک کے زیراہتمام نوجوانوں کیلئے چار ہفتوں پر مشتمل انٹرن شپ کامیابی سے مکمل

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):کامسٹیک ، پاکستان بایوٹیکنالوجی انفارمیشن سینٹر اور انٹرنیشنل سینٹر برائے کیمیکل و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے اشتراک سے نوجوانوں کے لیے منعقدہ 4 ہفتوں پر مشتمل ونٹر انٹرن شپ پروگرام 2025 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ یہ انٹرن شپ پروگرام پاکستان بایوٹیکنالوجی انفارمیشن سینٹر کی جانب سے “او آئی سی کے رکن اور مبصر ممالک میں جدید بایوٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق معلومات کی …

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):کامسٹیک ، پاکستان بایوٹیکنالوجی انفارمیشن سینٹر اور انٹرنیشنل سینٹر برائے کیمیکل و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے اشتراک سے نوجوانوں کے لیے منعقدہ 4 ہفتوں پر مشتمل ونٹر انٹرن شپ پروگرام 2025 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ یہ انٹرن شپ پروگرام پاکستان بایوٹیکنالوجی انفارمیشن سینٹر کی جانب سے “او آئی سی کے رکن اور مبصر ممالک میں جدید بایوٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق معلومات کی فراہمی، آگاہی اور استعداد سازی” کے منصوبے کے تحت منعقد کیا گیا، جس کی مالی معاونت او آئی سی کامسٹیک نے فراہم کی۔

پروگرام کا مقصد مقامی اور او آئی سی سطح پر جدید علوم کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ جات کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ انٹرن شپ پروگرام میں 34 بی ایس اور ایم ایس کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جنہیں جامعہ کراچی کے انٹرنیشنل سینٹر برائے کیمیکل و حیاتیاتی علوم میں موجود مختلف تحقیقی تجربہ گاہوں میں عملی تربیت دی گئی۔ شرکا کا تعلق جامعہ کراچی، جناح یونیورسٹی برائے خواتین کراچی، یونیورسٹی آف تربت بلوچستان، یونیورسٹی آف پشاور، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، یونیورسٹی آف سندھ جامشورو اور این ای ڈی یونیورسٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی سمیت دیگر اداروں سے تھا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے او آئی سی کومسٹیک کے رابطہ کار جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے انٹرنیز کو تلقین کی کہ وہ زندگی اور سائنس دونوں میں اخلاقیات کو اپنائیں۔

انہوں نے کہا کہ جدید تحقیق میں آگے بڑھنے کے لیے فنی مہارت کے ساتھ ساتھ نرم مہارتیں، سیکھنے میں لچک اور اپنی معلومات کو مسلسل تازہ رکھنا بھی نہایت ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کے لیے کوئی شارٹ کٹ نہیں بلکہ یہ مسلسل محنت، لگن اور علم کے سفر کو جاری رکھنے سے حاصل ہوتی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ایم رضا شاہ نے کہا کہ انٹرن شپ کا بنیادی مقصد طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں عملی مہارتوں کے ساتھ حقیقی کام کے ماحول میں داخل ہونے کے قابل بنانا ہے۔