بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے مکینیکل انجینئرنگ کے طلبہ کا اٹک ریفائنریز لمیٹڈ کا مطالعاتی دورہ

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے طلبہ نے صنعتی سرگرمیوں کا عملی مشاہدہ حاصل کرنے کے لیے اٹک ریفائنریز لمیٹڈ (اے آر ایل) مورگاہ راولپنڈی کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس دورے کا اہتمام انجینئر محمد آصف نے کیا جبکہ طلبہ کے ہمراہ ڈاکٹر اسد اصغر جنجوعہ بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران طلبہ کو ریفائنری اور پاور ہائوس کے مختلف شعبہ …

اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے طلبہ نے صنعتی سرگرمیوں کا عملی مشاہدہ حاصل کرنے کے لیے اٹک ریفائنریز لمیٹڈ (اے آر ایل) مورگاہ راولپنڈی کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس دورے کا اہتمام انجینئر محمد آصف نے کیا جبکہ طلبہ کے ہمراہ ڈاکٹر اسد اصغر جنجوعہ بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران طلبہ کو ریفائنری اور پاور ہائوس کے مختلف شعبہ جات میں جاری حقیقی صنعتی عمل، مشینری کی دیکھ بھال، حفاظتی اقدامات اور جدید صنعتی نظام کار سے آگاہ کیا گیا۔ اٹک ریفائنریز کے ماہر انجینئرز نے طلبہ کو تکنیکی امور، صنعتی تقاضوں، کیریئر کے مواقع اور درکار مہارتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انجینئرز نے اس بات پر زور دیا کہ نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی تجربہ طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

طلبہ نے بھی اس دورے کو انتہائی معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مطالعاتی دورے تعلیمی علم کو صنعتی اطلاق سے جوڑنے میں مدد دیتے ہیں۔ یہ دورہ شعبہ مکینیکل انجینئرنگ، آئی آئی یو آئی کی صنعت اور جامعہ کے مابین تعاون کو فروغ دینے اور طلبہ کو پیشہ ورانہ میدان کے لیے بہتر طور پر تیار کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔