ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کوالیفائر میچز کا آغاز اتوار سے کھٹمنڈو میں ہو گا

لاہور۔17جنوری (اے پی پی):ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کوالیفائر میچز اتوار سے نیپال (کھٹمنڈو) میں شروع ہوں گے، جہاں دس ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ ٹورنامنٹ 18 جنوری سے یکم فروری تک کٹھمنڈو کے دو میدانوں، تریبھون یونیورسٹی انٹرنیشنل کرکٹ گرائونڈ اور ملپانی انٹرنیشنل کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں شامل دس ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں بنگلہ دیش، آئرلینڈ، نمیبیا، …

لاہور۔17جنوری (اے پی پی):ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کوالیفائر میچز اتوار سے نیپال (کھٹمنڈو) میں شروع ہوں گے، جہاں دس ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ ٹورنامنٹ 18 جنوری سے یکم فروری تک کٹھمنڈو کے دو میدانوں، تریبھون یونیورسٹی انٹرنیشنل کرکٹ گرائونڈ اور ملپانی انٹرنیشنل کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں شامل دس ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں بنگلہ دیش، آئرلینڈ، نمیبیا، پاپوا نیو گنی اور امریکا شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں میزبان نیپال کے ساتھ نیدرلینڈز، سکاٹ لینڈ، تھائی لینڈ اور زمبابوے حصہ لے رہے ہیں۔ گروپ مرحلے کے میچز 18 سے 26 جنوری تک متبادل دنوں میں ہوں گے، جن کے بعد ہر گروپ کی ٹاپ تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں پہنچیں گی جو 28 جنوری سے شروع ہوگا۔

سپر سکس کے اختتام پر سرفہرست چار ٹیمیں انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیں گی۔اس ایونٹ میں بنگلہ دیش، آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ اور تھائی لینڈ وہ ٹیمیں ہیں جو اس سے قبل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کر چکی ہیں، جبکہ باقی چھ ٹیمیں پہلی بار اس بڑے عالمی سٹیج تک پہنچنے کی کوشش کریں گی۔وارم اپ میچز میں کئی شاندار انفرادی کارکردگیاں دیکھنے کو ملیں۔ پاپوا نیو گنی کی کونیو اوالا نے زمبابوے کے خلاف 52 گیندوں پر 71 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں سات چھکے شامل تھے۔ آئرلینڈ کی اورلا پرینڈرگاسٹ نے نیپال اور زمبابوے کے خلاف مسلسل دو نصف سنچریاں سکور کیں، جبکہ گیبی لیوس نے 38 گیندوں پر 77 رنز بنا کر متاثر کیا۔

نیدرلینڈز کی ہیدر سیگرز نے نمیبیا کے خلاف 86 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلنے کے ساتھ تین وکٹیں بھی حاصل کیں۔نمیبیا کی یاسمین خان، بنگلہ دیش کی کپتان نگار سلطانہ جوتی اور شرمین اختر، سکاٹ لینڈ کی کیتھرن برائس اور کیتھرین فریزر بھی ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جن سے شاندار کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نوجوان ٹیلنٹ کو بھی خود کو منوانے کا موقع ملے گا، جن میں امریکا کی 17 سالہ چیتنا پاگیڈیالا، زمبابوے کی 17 سالہ بیلووڈ بیزا اور تھائی لینڈ کی 18 سالہ افیسارا سوانچونرتھی نمایاں ہیں۔یہ کوالیفائر نہ صرف ورلڈ کپ تک رسائی کی جنگ ہے بلکہ ویمنز کرکٹ میں ابھرتی ہوئی ٹیموں اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے خود کو عالمی سطح پر ثابت کرنے کا سنہری موقع بھی ہے۔

مزید خبریں