پشاور۔ 24 جنوری (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی وادی تیراہ کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور متاثرین کی ہر ممکن مدد یقینی بنائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دینے کے بعد میڈیا سے …
تیراہ میں آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن جلد شروع کی جائے گی، بی آئی ایس پی ہر ممکن مدد کرے گا، روبینہ خالد

مزید خبریں
پشاور۔ 24 جنوری (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی وادی تیراہ کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور متاثرین کی ہر ممکن مدد یقینی بنائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض، جنرل سیکرٹری عالمگیر خان اور گورننگ باڈی کے ممبر اور سینئر صحافی شمیم شاہد بھی موجود تھے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے پشاور پریس کلب کے انتخابات کو جمہوری اقدار کی بہترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ واحد ادارہ ہے جہاں انتخابات بغیر الزام تراشی کے مکمل ہوتے ہیں اور ووٹرز خدمت کرنے والوں کو منتخب کرتے ہیں، جو تمام سیاسی جماعتوں کے لیے قابلِ تقلید عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک میں قدرتی آفات آئیں، صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی ہر متاثرہ علاقے میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔
پارٹی قیادت نے سینیٹرز اور قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان کو عوامی خدمت کی ذمہ داریاں سونپیں تاکہ متاثرین کو تنہائی کا احساس نہ ہو۔ سینیٹر روبینہ خالد نے خیبر پختونخوا میں جاری صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی مشاورت سے وادی تیراہ میں آپریشن شروع کیا گیا، جس کے باعث عوام نقل مکانی پر مجبور ہیں۔ شدید سردی، برفیلے راستوں اور بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں اور بچوں کی اموات کی اطلاعات نہایت افسوسناک ہیں تاہم صوبائی حکومت مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔
انہوں نے تیراہ کے آئی ڈی پیز کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ماضی میں سیلاب کے دوران نادرا کے تعاون سے متاثرین کا مکمل سروے اور رجسٹریشن کی گئی تھی، اسی طرز پر اب بھی تیراہ کے آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن کا عمل جلد شروع کیا جائے گا جس میں بی آئی ایس پی ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ صوبائی حکمران جلسے جلوسوں میں مصروف ہیں، عوام نے انہیں خدمت کے لیے مینڈیٹ دیا تھا لیکن وہ اس مینڈیٹ کا مذاق اڑا رہے ہیں۔








