پاک بحریہ کا بحر ہند میں طویل فاصلے پر کامیاب ریسکیو آپریشن

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):انسانی ہمدردی کے آپریشن میں پاک بحریہ کے جہازوں تبوک اور معاون نے کھلے سمندر میں انڈونیشیائی پرچم بردار بحری جہاز ایم وی گرے پام پر موجود ایک سری لنکن شہری کا کامیاب طبی انخلاء کیا جسے فوری طبی امداد کی ضرورت تھی۔ہفتہ کوپاکستان نیوی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ ریسکیو آپریشن سری لنکن میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر (ایم آر سی سی) …

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):انسانی ہمدردی کے آپریشن میں پاک بحریہ کے جہازوں تبوک اور معاون نے کھلے سمندر میں انڈونیشیائی پرچم بردار بحری جہاز ایم وی گرے پام پر موجود ایک سری لنکن شہری کا کامیاب طبی انخلاء کیا جسے فوری طبی امداد کی ضرورت تھی۔ہفتہ کوپاکستان نیوی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ ریسکیو آپریشن سری لنکن میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر (ایم آر سی سی) کی جانب سے موصول ہونے والی ایک ہنگامی درخواست پر شروع کیا گیا.

جس میں پاکستان کے ساحل سے تقریباً 800 ناٹیکل میل(تقریبا 1500 کلومیٹر ) کے فاصلے پر موجود تجارتی جہاز ’’گرے پام‘‘ کے عملے کے ایک رکن کی تشویشناک حالت کے پیشِ نظر فوری طبی امداد کی اپیل کی گئی تھی۔ پاک بحریہ نے اطلاع ملتے ہی فوری طور پر اپنے جہاز روانہ کیے اور بیمار رکن کو بحفاظت نکال لیا۔ بعد ازاں، مریض کو فوری طور پر پاک بحریہ کے جہاز تبوک پر ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔ سری لنکن حکام اور متاثرہ فرد کے اہل خانہ نے اس فوری ردعمل اور تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیاہے۔یہ کامیاب طبی انخلاء پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور قومیت سے بالاتر ہو کر سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے دیرینہ عزم کا ایک اور منہ بولتا ثبوت ہے۔