اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک (پی ایس این) اسلام آباد کی مرکزی مجلسِ عاملہ (سی ای سی) کی تقریبِ حلف برداری ہفتہ کو آئی ایف کیو ہوٹل اینڈ ریزورٹ کلب روڈ راول چوک کے قریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں تنظیم کی نو منتخب مرکزی قیادت نےباضابطہ طور پر اپنے عہدوں کا چارج سنبھالا۔تقریب کی مہمانِ خصوصی وزیرِ مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت …
پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک کی مرکزی مجلسِ عاملہ کی تقریبِ حلف برداری

مزید خبریں
اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک (پی ایس این) اسلام آباد کی مرکزی مجلسِ عاملہ (سی ای سی) کی تقریبِ حلف برداری ہفتہ کو آئی ایف کیو ہوٹل اینڈ ریزورٹ کلب روڈ راول چوک کے قریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں تنظیم کی نو منتخب مرکزی قیادت نےباضابطہ طور پر اپنے عہدوں کا چارج سنبھالا۔تقریب کی مہمانِ خصوصی وزیرِ مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر تھیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے نجی تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئےمعیاری تعلیم، اخلاقی اقدار اور جوابدہی کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں بہتری کے لیے سرکاری و نجی اداروں کے مابین مؤثر اشتراک ناگزیر ہے اور حکومت نجی تعلیمی شعبے کے ساتھ پالیسی سطح پر مشاورت اور تعاون جاری رکھے گی۔تقریب کے دوران پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک کی نو منتخب مرکزی مجلسِ عاملہ کے اراکین نے آئینِ پاکستان، تنظیم کے دستور اور قواعد و ضوابط کی پابندی اور طلبہ کی فلاح، اساتذہ کے پیشہ ورانہ وقار اور نجی تعلیمی اداروں کے مؤثر نظم و نسق کے لیے دیانت داری سے خدمات انجام دینے کا حلف اٹھایا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک مقبول حسین ڈار نے کہا کہ پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک اسلام آباد میں قائم چار سو سے زائد نجی تعلیمی اداروں کی نمائندہ تنظیم ہے جو آٹھ زونز پر مشتمل ہے۔ انہوں نےتنظیمی اتحاد، ادارہ جاتی استحکام اور ریگولیٹری اداروں کے ساتھ مثبت و تعمیری روابط کے فروغ پر زور دیا تاکہ معیاری تعلیم اور تعلیمی شعبے کا استحکام یقینی بنایا جا سکے۔سینئر نائب صدر پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک محمد ارشد چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ایس این ایک رضاکارانہ اور خدمت پر مبنی تنظیم ہے جو اخلاقی قیادت، شفاف طرزِ عمل اور اجتماعی فیصلہ سازی پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے طلبہ، اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کے حقوق کے تحفظ اور تمام زونز کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کو تنظیم کی ترجیحات قرار دیا۔نائب صدر عبیدہ نے خطاب کرتے ہوئے جامع قیادت، کردار سازی اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی میں نجی تعلیمی اداروں کے کردار کو اجاگر کیا۔انہوں نے تعلیمی معیار میں بہتری اور طلبہ کے لیے محفوظ اور معاون تعلیمی ماحول کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔جنرل سیکرٹری پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک امتیاز خان نے تنظیمی ڈھانچے اور آئندہ ترجیحات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ زونل اور مرکزی سطح پر نظم و ضبط، مؤثر رابطہ کاری اور مشترکہ حکمتِ عملی نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ناگزیر ہے۔تقریب میں اسلام آباد کے مختلف زونز سے تعلق رکھنے والے زونل عہدیداران، اسکول سربراہان، پرنسپلز اور نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر شکریہ ادا کیا گیا اور نو منتخب قیادت نے تعلیم کے فروغ کے لیے دیانت داری، اتحاد اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ خدمات انجام دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔








