پشاور۔ 25 جنوری (اے پی پی):خیبر پختونخوا میں 25 سے 27 جنوری کے دوران مزید بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام انتظامی سیکریٹریز، ضلعی انتظامیہ اور خصوصی طور پر محکمہ سیاحت کو ایڈوائزری ارسال کی گئی ہے تاکہ ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر تمام حفاظتی اقدامات پہلے سے یقینی بنائے جا سکیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے …
خیبر پختونخوا میں مزید بارش اور بالائی اضلاع میں برفباری کی پیشگوئی، متعلقہ محکموں کو ایڈوائزری جاری

مزید خبریں
پشاور۔ 25 جنوری (اے پی پی):خیبر پختونخوا میں 25 سے 27 جنوری کے دوران مزید بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام انتظامی سیکریٹریز، ضلعی انتظامیہ اور خصوصی طور پر محکمہ سیاحت کو ایڈوائزری ارسال کی گئی ہے تاکہ ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر تمام حفاظتی اقدامات پہلے سے یقینی بنائے جا سکیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث مختلف علاقوں میں سڑکوں کی بندش، پھسلن، لینڈ سلائیڈنگ، برفانی تودے گرنے اور فلیش فلڈ جیسے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں جس سے عوام اور سیاح متاثر ہو سکتے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں جبکہ سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ برفباری اور شدید بارش کے دوران بالائی اور دور دراز علاقوں کا رخ نہ کریں۔
ایڈوائزری میں ضلعی انتظامیہ کو سڑکوں، شاہراہوں اور سیاحتی مقامات کی مسلسل نگرانی، ہنگامی رسپانس ٹیموں کو الرٹ رکھنے اور کنٹرول رومز کو صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (پی ای او سی) سے منسلک رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ سیاحوں کو ممکنہ خطرات سے آگاہ کریں اور برفباری و لینڈ سلائیڈنگ سے متعلق بروقت الرٹس جاری کیے جائیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔








