کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے 23 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ گاڑیاں اور اسمگل شدہ سامان ضبط کرلیا

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے اپنے دائرہ اختیار میں انٹیلی جنس پر مبنی متعدد کارروائیوں کے دوران 23 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ گاڑیاں اور دیگر اسمگل شدہ سامان ضبط کرلیا ہے۔ ایف بی آر کی جانب سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق ضبط کی گئی گاڑیوں میں ٹویوٹا مارک ایکس، ہونڈا اکارڈ، ڈمپر ٹرک، باؤزرز، ٹریلرز جبکہ دیگر ممنوعہ …

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے اپنے دائرہ اختیار میں انٹیلی جنس پر مبنی متعدد کارروائیوں کے دوران 23 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ گاڑیاں اور دیگر اسمگل شدہ سامان ضبط کرلیا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق ضبط کی گئی گاڑیوں میں ٹویوٹا مارک ایکس، ہونڈا اکارڈ، ڈمپر ٹرک، باؤزرز، ٹریلرز جبکہ دیگر ممنوعہ سامان میں چھالیہ، ٹائرز، چائنہ سالٹ، سولر بیٹریاں اور چاندی شامل ہیں۔ ضبط شدہ گاڑیوں اور سامان کی مالیت کا تخمینہ تیئس کروڑ پچاس لاکھ روپے لگایا گیا ہے ۔

یہ کارروائیاں مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئیں جن کا مقصد اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کی روک تھام ہے ۔ یہ کاروائیاں پاکستان کسٹمز کی طرف سے سرحدوں کی کڑی نگرانی کے ذریعے قومی معیشت کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ان کارروائیوں کی کامیابی میں بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بروقت تعاون اور ہم آہنگی نے اہم کردار ادا کیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو اسمگلنگ اور غیر قانونی تجارت کے خلاف انفورسمنٹ کے سخت اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور قانونی کاروبار اور قومی معاشی مفادات کے تحفظ کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری ر کھا جائے گا۔