اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے صحت کے شعبے میں تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو الائیڈ ہسپتال ون فیصل آباد کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ الائیڈ ہسپتال فیصل …
حکومت دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے صحت کے شعبے میں تاریخی اقدامات کررہی ہے، سید عمران احمد شاہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے صحت کے شعبے میں تاریخی اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو الائیڈ ہسپتال ون فیصل آباد کے دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد پنجاب کا تیسرا بڑاہسپتال ہے جہاں نہ صرف فیصل آباد بلکہ گرد و نواح کے اضلاع سے روزانہ ہزاروں مریض علاج کے لیے آتے ہیں، اس وقت ہسپتال میں 45 آپریشن تھیٹر فعال ہیں جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہاں جدید سہولیات کے ساتھ بڑے پیمانے پر علاج اور سرجریاں کی جا رہی ہیں۔
سید عمران احمد شاہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں سنجیدہ ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران الائیڈ ہسپتال کو دس کروڑ روپے سے زائد کی گرانٹ فراہم کی گئی جس کے نتیجے میں 482 مستحق مریضوں کا علاج ممکن بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ سال 2023-24 میں بیت المال کے ذریعے 131 مریضوں کو امداد فراہم کی گئی تھی، تعداد اب بڑھ کر تقریباً 200 تک پہنچ چکی ہے اور تعداد میں یہ اضافہ ضرورت مند افراد کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور سہولتوں میں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2025-2026 کے دوران 228 مریضوں کا علاج کیا گیا جس پر ساڑھے چار کروڑ روپے خرچ ہوئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 2008ء سے 2025ء تک پاکستان بیت المال کے ذریعے الائیڈ ہسپتال میں پانچ ہزار سے زائد مریضوں کا علاج ہو چکا ہے جن میں کینسر، بڑی سرجریوں، دل کے امراض اور دیگر پیچیدہ بیماریوں کے مریض شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ پاکستان بیت المال کے ساتھ مل کر حقیقی معنوں میں معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے سہارا بن رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان بیت المال کے میڈیکل کے مجموعی بجٹ کو سوا دو ارب روپے سے بڑھا کر تین ارب روپے کر دیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق مریضوں کو معیاری علاج کی سہولت دی جا سکے۔ اسی طرح ہارٹ سرجری اور ٹرانسپلانٹ کے لیے دی جانے والی امدادی رقم کو دس لاکھ روپے سے بڑھا کر پندرہ لاکھ روپے کر دیا گیا ہے جو مہنگے علاج کے متحمل نہ ہونے والے افراد کے لیے ایک بڑی سہولت ہے۔
سید عمران احمد شاہ نے واضح کیا کہ ان کی وزارت پاکستان بیت المال کے ساتھ مل کر وزیر اعظم کے وژن کے مطابق دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے اور اس ضمن میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کا مکمل اختیار آئینی طور پر صوبائی حکومتوں کے پاس ہے تاہم وفاقی حکومت معاونت اور وسائل کی فراہمی کے ذریعے صوبوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر نے دیگر عوامی سہولتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گیس کے میٹر لگانے پر عائد پابندی وفاقی حکومت نے ختم کر دی ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے بتایا کہ گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے بھی وفاقی سطح پر اقدامات کیے گئے ہیں جس سے صنعتی اور گھریلو صارفین کو ریلیف ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک کے تمام صوبوں میں تیز رفتاری سے ترقیاتی کام کروا رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر معیارزندگی فراہم کیا جا سکے اور معاشی و سماجی ترقی کا عمل مزید مضبوط ہو۔







