قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس ،زائرین کے لئے سبسڈی پیکیج، سستے فضائی ٹکٹ اور بغداد و کربلا میں سہولتی دفاتر قائم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں قائم مقام چیئرپرسن شگفتہ جمانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں زائرین کی سہولیات، حج پالیسی اور روضہ رسول ﷺ پر حاضری کے لئے وفد کے دورے سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔کمیٹی نے اعلیٰ سطح کے سرکاری وفد کی روضہ رسول ﷺ پر حاضری کے لئے …

اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں قائم مقام چیئرپرسن شگفتہ جمانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں زائرین کی سہولیات، حج پالیسی اور روضہ رسول ﷺ پر حاضری کے لئے وفد کے دورے سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔کمیٹی نے اعلیٰ سطح کے سرکاری وفد کی روضہ رسول ﷺ پر حاضری کے لئے وضع کردہ ’’سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز‘‘ (ایس او پیز) کی رپورٹ کا جائزہ لیا اور ضروری ترامیم کے ساتھ اسے منظور کر لیا۔

کمیٹی نے ہدایت کی کہ وفد کی 11 ربیع الاول کو روضہ رسول ﷺ پر موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ سفارش کی گئی کہ سعودی عرب میں اس وفد کو ‘سٹیٹ گیسٹ’ (سرکاری مہمان) کا درجہ دیا جائے اور روانگی سے قبل تمام ملاقاتیں طے کی جائیں۔قائم مقام چیئرپرسن نے عراق (بغداد اور کربلا معلیٰ) میں زائرین کے لئے سہولتی دفاتر کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت کو فوری طور پر وہاں باقاعدہ دفاتر قائم کرنے کا حکم دیا۔

کمیٹی نے کہا کہ حج کی طرز پر زائرین کے لئے بھی ایک قابل عمل سبسڈی پیکیج تیار کیا جائے۔پی آئی اے اور دیگر حکام سے مشاورت کر کے زائرین کے لئے سستے ٹکٹ فراہم کئے جائیں۔ اگلے اجلاس میں چیئرمین پی آئی اے کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔ کمیٹی نے معاونین کے موجودہ طریقہ انتخاب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حج پالیسی 2027میں سلیکشن کے معیار پر نظرثانی کی ہدایت کی۔

سیکرٹری مذہبی امور نے مکہ اور مدینہ میں پاکستان ہاؤسز کی بحالی کے منصوبے اور حج مشن کے اخراجات پر بریفنگ دی۔ وزارت کو ہدایت کی گئی کہ تمام سفارشات پر عملدرآمد کی رپورٹ جلد پیش کی جائے۔اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور، سیکرٹری مذہبی امور اور اراکین قومی اسمبلی اعجاز الحق ، پیر سید فضل علی شاہ جیلانی، سیما محی الدین جمیلی، آسیہ ناز تنولی، ڈاکٹر نیلسن عظیم، ثمینہ خالد گھرکی، احمد سلیم صدیقی، مسرت رفیق مہیسر، منیبہ اقبال اور نیلم نے شرکت کی۔