ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس کی پیش گوئیاں بڑی حد تک ایس بی پی کے نقطۂ نظر سے ہم آہنگ ہیں،مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلی جنس کی پیش گوئیاں بڑی حد تک سٹیٹ بینک پاکستان کے نقطۂ نظر سے ہم آہنگ ہیں۔منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ ایس اینڈ پی کی رپورٹ میں معاشی نمو اور کرنٹ اکاؤنٹ کے حوالے سے کچھ معمولی اختلافات …

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلی جنس کی پیش گوئیاں بڑی حد تک سٹیٹ بینک پاکستان کے نقطۂ نظر سے ہم آہنگ ہیں۔منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ ایس اینڈ پی کی رپورٹ میں معاشی نمو اور کرنٹ اکاؤنٹ کے حوالے سے کچھ معمولی اختلافات موجود ہیں تاہم دونوں اداروں کی مہنگائی میں کمی اور معیشت میں بتدریج بہتری کے بارے میں یکساں رائے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس اینڈ پی کی پاکستان کے لیے اپنی تازہ ترین پیش گوئی میں مہنگائی، کرنٹ اکاؤنٹ اور معاشی نمو سے متعلق تازہ اندازے شامل ہیں، ان پیش گوئیوں کا موازنہ سٹیٹ بینک پاکستان کی تازہ ترین توقعات سے کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایس اینڈ پی نے 2026 میں مہنگائی کی شرح 5.1 فیصد اور 2027 میں 5.6 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ سٹیٹ بینک نے آئندہ دو برسوں کےلئے مہنگائی کی شرح 5 سے لے کر 7 فیصد کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کی، اسی طرح ایس اینڈ پی نے 2026 میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ جی ڈی پی کے 0.5 فیصد اور 2027 میں 1.3 فیصد تک رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔ سٹیٹ بینک کے اندازوں کے مطابق مالی سال 2026 میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ جی ڈی پی کے صفر سے لے کر ایک فیصد تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ ایس اینڈ پی نے 0.5 فیصد تک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

مالی سال 2027 کےلئے ایس اینڈ پی نے یہ خسارہ 1.3 فیصد تک رہنے کی پیشگوئی کی ہے جو سٹیٹ بینک کے اندازوں کی حد سے قدرےزیادہ ہے۔ خرم شہزاد نے کہا کہ ایس اینڈ پی نے مالی سال 2026 کےلئے جی ڈی پی میں اضافے کی شرح 3.5 فیصد اور مالی سال 2027 میں 4.4 فیصد تک رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ سٹیٹ بینک نے مالی سال 2026 میں جی ڈی پی میں نمو کی شرح 3.75 سے لے کر 4.75 فیصد تک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

خرم شہزاد نے کہا کہ مجموعی طور پر ایس اینڈ پی کی پیش گوئیاں بڑی حد تک سٹیٹ بینک کے نقطۂ نظر سے ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ معاشی نمو اور کرنٹ اکاؤنٹ کے حوالے سے کچھ معمولی اختلافات موجود ہیں، تاہم دونوں ادارے مہنگائی میں کمی اور معیشت میں بتدریج بہتری کے بارے میں یکساں رائے رکھتے ہیں۔