چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا ہری پور میں پاک آسٹریا انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ،خواتین اور ان کے اہل خانہ کے لیے ہنر مندی کی تربیت اور ترقی کے ممکنہ تعاون پر غور

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے منگل کو ہری پور میں واقع پاک آسٹریا انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (پی اے ایف آئی اے ایس ٹی) کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران انہوں نے بینظیر ہنرمند پروگرام کے تحت بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والی خواتین اور ان کے اہل خانہ کے لیے ہنر …

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے منگل کو ہری پور میں واقع پاک آسٹریا انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (پی اے ایف آئی اے ایس ٹی) کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران انہوں نے بینظیر ہنرمند پروگرام کے تحت بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والی خواتین اور ان کے اہل خانہ کے لیے ہنر مندی کی تربیت اور ترقی کے ممکنہ تعاون پر غور کیا۔

انسٹی ٹیوٹ آمد پر ریکٹر پی اے ایف آئی اے ایس ٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد مجاہد اور سینئر مینجمنٹ نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا استقبال کیا۔ انہیں ادارے کے تعلیمی ڈھانچے، جدید تربیتی سہولیات اور صنعت سے ہم آہنگ تعلیمی ماڈل سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرپرسن نے لیبارٹریز اور ہاسٹلز کا دورہ بھی کیا تاکہ سکل ڈویلپمنٹ پروگرامز کے موثر نفاذ کے لیے ادارہ جاتی صلاحیت کا جائزہ لیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر قومی اثاثہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، ہنر مندی ، خود انحصاری، پائیدار روزگار کی بنیاد ہے جبکہ اس ضمن میں ویلیو چین اپروچ اپناتے ہوئے اخلاقیات اور روزگار سے متعلق مہارتوں پر توجہ دینا ضروری ہے۔

اس موقع پر پی اے ایف آئی اے ایس ٹی میں ہیومن کیپیٹل ڈویلپمنٹ آفس کی سربراہ زینب عظمت نے چیئرپرسن کو بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ ہاسپٹیلٹی، صحت اور آئی ٹی کے شعبوں میں 12 تربیتی اور 4 ڈپلومہ پروگرامز پیش کر رہا ہے جو سٹی اینڈ گلڈز (برطانیہ) سے تصدیق شدہ ہیں اور جن میں زبان میں مہارت اور سافٹ سکلز بھی شامل ہیں۔

بی آئی ایس پی اور پی اے ایف آئی اے ایس ٹی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ادارے باہمی تعاون کے ذریعے بینظیر ہنرمند پروگرام کے تحت مستفید ہونے والوں کے لیے خصوصی تربیتی کورسز کی تیاری کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔