برفباری کے سیزن میں کمشنر راولپنڈی کا دورہ مری، انتظامات پر اطمینان کا اظہار

راولپنڈی۔ 27 جنوری (اے پی پی):برفباری کے سیزن کے پیش نظر کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک مری پہنچ گئے جہاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر مری کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں اور قائم کیے گئے فیسلیٹیشن سینٹرز کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد برفباری کے دوران کیے گئے انتظامات، امدادی سرگرمیوں اور عوامی سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔کمشنر راولپنڈی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ …

راولپنڈی۔ 27 جنوری (اے پی پی):برفباری کے سیزن کے پیش نظر کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک مری پہنچ گئے جہاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر مری کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں اور قائم کیے گئے فیسلیٹیشن سینٹرز کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد برفباری کے دوران کیے گئے انتظامات، امدادی سرگرمیوں اور عوامی سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔کمشنر راولپنڈی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مری میں برفباری کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مری کی تمام اہم رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں اور کسی بھی شاہراہ پر ٹریفک کی بلاجواز بندش نہیں ہونے دی جائے گی۔کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، ہائی وے ٹریفک پولیس، پنجاب پولیس، ضلعی محکمے اور دیگر متعلقہ ادارے ہمہ وقت فیلڈ میں موجود ہیں اور عوام و سیاحوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوامی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔دورے کے دوران کمشنر راولپنڈی نے برفباری کے پیش نظر جاری امدادی کارروائیوں، روڈ کلیئرنس آپریشن، ٹریفک مینجمنٹ، سیاحوں کی رہنمائی، پارکنگ انتظامات اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ برفباری کے دوران تمام مشینری مکمل فعال رکھی جائے اور سڑکوں کو کم سے کم وقت میں کلیئر رکھا جائے۔کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے ڈپٹی کمشنر مری اور ضلعی انتظامیہ کی بروقت حکمت عملی، مربوط کاوشوں اور مؤثر فیلڈ مینجمنٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ مری میں مجموعی انتظامات تسلی بخش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے پیشگی منصوبہ بندی کے تحت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

کمشنر راولپنڈی نے مزید کہا کہ سیاحوں کو چاہیے کہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فیسلیٹیشن سینٹرز اور ہیلپ لائنز سے فوری رابطہ کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ ہر مشکل گھڑی میں عوام اور سیاحوں کے ساتھ کھڑی ہے۔