اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ دنیا میں زوال کی وجہ اسلامی تعلیمات سے دوری ہے، اسلامی تہذیب نے دنیا کو علم کے خزانے دیئے اور مسلم علماء، سائنسدانوں اور مفکرین نے آج کی دنیا کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، ہمیں اس سنہری دور کو دوبارہ زندہ کرنا ہوگا اور نوجوانوں کو بہترین تعلیم اور اچھے اخلاق کی …
تعلیم یافتہ نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں ،رانا مشہوداحمدخاں

مزید خبریں
اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ دنیا میں زوال کی وجہ اسلامی تعلیمات سے دوری ہے، اسلامی تہذیب نے دنیا کو علم کے خزانے دیئے اور مسلم علماء، سائنسدانوں اور مفکرین نے آج کی دنیا کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، ہمیں اس سنہری دور کو دوبارہ زندہ کرنا ہوگا اور نوجوانوں کو بہترین تعلیم اور اچھے اخلاق کی تربیت دینا ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ اسلام آباد کے 34 ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے مہمانوں، اساتذہ اور فارغ التحصیل طلبا و طالبات کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ اسلام آباد جیسے ادارے نوجوانوں کو علم حاصل کرنے اور ترقی کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے مذہبی اور ثقافتی اقدار سے جڑے رہنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مدارس کو پہلی بار تکنیکی اور پیشہ وارانہ تعلیم کے پروگراموں میں شامل کیا گیا ہے جس میں قومی فنی و تکنیکی تربیتی کمیشن (نیوٹیک ) کے ساتھ تعاون کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ500,000 کروم بکس تقسیم کی جائیں گی اور اگلے دو سال میں کل 2 ملین (20 لاکھ) ڈیوائسز فراہم کی جائیں گی جن میں مدارس بھی شامل ہیں۔ انہوں نے تقسیم کا آغاز مدارس سے کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے نوجوانوں میں ایمان، عزت، اخلاقی حوصلہ، مذہب سے محبت اور تعلیم میں محنت کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لئے تعلیم، فنی تربیت، فن و ثقافت، سائنس و ٹیکنالوجی، آئی ٹی، کھیل اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے گرین اکانومی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو نوجوانوں کے لئے بڑے مواقع قرار دیا۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان چند ممالک میں شامل ہے جو چپ اور سیمی کنڈکٹر بنانے کی پالیسی متعارف کر رہے ہیں۔ آنے والے لیپ ٹاپس اور کروم بکس مقامی طور پر تیار اور ڈیزائن کئے جائیں گے، پاکستان کا دفاعی سامان بین الاقوامی سطح پر طلب میں ہے اور نوجوان اپنی مہارتوں کی وجہ سے دنیا بھر میں پہچانے جا رہے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ نیوٹیک اور وزارتِ خارجہ کے تعاون سے اس سال 2 ملین نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، اس کے لئے جامعہ، یونیورسٹیاں، مدارس اور دیگر ادارے شامل ہیں۔ اپنے خطاب کے اختتام پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور اللہ کے فضل سے ملک ترقی کرے گا۔







