اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا حدیدہ مشن بند کرنے کا فیصلہ

اقوام متحدہ ۔28جنوری (اے پی پی):اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمن کے ساحلی شہر حدیدہ سے متعلق اقوامِ متحدہ کے مشن (یو این ایم ایچ اے) کی مدت میں آخری بار توسیع کرتے ہوئے اسے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔شنہوا کے مطابق سلامتی کونسل کی جانب سے منظور کی گئی قرارداد 2813 کے تحت حدیدہ معاہدے کی حمایت کے لیے قائم اقوامِ متحدہ کے مشن (یواین ایم …

اقوام متحدہ ۔28جنوری (اے پی پی):اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمن کے ساحلی شہر حدیدہ سے متعلق اقوامِ متحدہ کے مشن (یو این ایم ایچ اے) کی مدت میں آخری بار توسیع کرتے ہوئے اسے بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔شنہوا کے مطابق سلامتی کونسل کی جانب سے منظور کی گئی قرارداد 2813 کے تحت حدیدہ معاہدے کی حمایت کے لیے قائم اقوامِ متحدہ کے مشن (یواین ایم ایچ اے ) کا مینڈیٹ دو ماہ کی حتمی مدت کے لیے 31 مارچ 2026 تک بڑھایا گیا ہے۔

اس عرصے کے دوران مشن اپنی سرگرمیوں اور زمینی موجودگی کو بتدریج کم کرے گا اور باقی ماندہ ذمہ داریوں کی منتقلی کے لیے یمن کے لیے اقوامِ متحدہ کے خصوصی ایلچی کے دفتر سے رابطہ کرے گا۔قرارداد میں یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ یکم اپریل 2026 سے یو این ایم ایچ اے کو باضابطہ طور پر تحلیل (liquidation) کے عمل میں داخل کر دیا جائے گا۔

اس کے ساتھ ہی اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے کہا گیا ہے کہ وہ یمنی فریقین سے مشاورت کے بعد مشن کی منتقلی اور خاتمے کا جامع منصوبہ تیار کریں۔یہ قرارداد 13 ووٹوں کی اکثریت سے منظور کی گئی، جبکہ چین اور روس نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

واضح رہے کہ سلامتی کونسل نے یو این ایم ایچ اے کو 2019 میں قائم کیا تھا تاکہ اسٹاک ہوم معاہدے کے تحت حدیدہ شہر اور حدیدہ، صلیف اور راس عیسیٰ کی بندرگاہوں سے متعلق معاہدے پر عمل درآمد میں مدد فراہم کی جا سکے، جو یمنی حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان طے پایا تھا۔

C:mry/R:mry