حکومت کلی معیشت کے استحکام ، مالی پائیداری اور مسابقت پر مبنی ترقی و نمو کیلئے اقدامات کر رہی ہے، ٹیکس سمیت کئی شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے پروگرام پر عملدرآمد ہو رہا ہے، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جرمن سفیرسے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت کلی معیشت کے استحکام ، مالی پائیداری اور مسابقت پر مبنی ترقی و نمو کیلئے اقدامات کررہی ہے، ٹیکس سمیت کئی شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے پروگرام پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں جرمنی کی پاکستان میں سفیر انالیپل سے ملاقات میں کہی ،ملاقات میں پاکستان اور جرمنی …

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ حکومت کلی معیشت کے استحکام ، مالی پائیداری اور مسابقت پر مبنی ترقی و نمو کیلئے اقدامات کررہی ہے، ٹیکس سمیت کئی شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے پروگرام پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں جرمنی کی پاکستان میں سفیر انالیپل سے ملاقات میں کہی ،ملاقات میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان معاشی تعلقات کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور ترقی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ فریقین نے معاشی روابط کو مزید گہرا کرنے اور طویل المدتی ترقی کے لیے معاون مستحکم، شفاف اور قابل پیش گوئی کاروباری ماحول کے فروغ کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خزانہ نے حکومت کے مجموعی معاشی وژن اور اصلاحات سے متعلق ترجیحات سے آگاہ کرتے ہوئے کلی معیشت کے استحکام، مالی پائیداری اور مسابقت پر مبنی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے معاشی بحالی کی حمایت، برآمدی صلاحیت میں اضافے اور بیرونی جھٹکوں کے مقابلے میں معیشت کی مضبوطی کے لیے جاری اقدامات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جامع اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی رفتار برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔ ملاقات میں حکومت کے محصولات اور ٹیکس اصلاحات کے ایجنڈے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی جس میں ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے، ٹیکس تعمیل بہتر بنانے اور ٹیکنالوجی و ڈیٹا پر مبنی نظام کے ذریعے کارکردگی میں اضافہ پر زور دیا گیا۔ وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ یہ اصلاحات شفافیت اور انصاف کو فروغ دینے، معاشی بگاڑ کو کم کرنے اور تمام معاشی فریقین کے لیے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے وضع کی گئی ہیں، ساتھ ہی سرمایہ کاری اور دستاویزی معیشت کی حوصلہ افزائی بھی ان کا اہم مقصد ہے۔

جرمن سفیر نے جاری اصلاحاتی اقدامات کا خیرمقدم کیا اور کاروباری برادری سے ہونے والی ملاقاتوں کی روشنی میں عمومی مشاہدات کا تبادلہ کیا جس میں پالیسیوں کی وضاحت، تسلسل اورشراکت داروں و سرکاری اداروں کے درمیان موثر مکالمے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پالیسی اہداف کی بہتر تفہیم اور موثر عملدرآمد، معاشی ترقی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے مسلسل رابطہ نہایت ضروری ہے۔ وزیر خزانہ نے ٹیکس انتظامیہ کو مضبوط بنانے، خدمات کی فراہمی بہتر کرنے اور شفافیت میں اضافے کے لیے جاری انتظامی و ادارہ جاتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔

گفتگو میں ٹیکس تعمیل میں آسانی اور کاروباری سرگرمیوں میں سہولیات فراہم کرنے کیلئے قابل پیش گوئی طریقہ کار، امور کے بروقت حل اور نظاموں کی مسلسل جدید کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی معاشی ماحول پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں عالمی غیر یقینی صورتحال سے جنم لینے والے مشترکہ چیلنجز اور مواقع کو تسلیم کیا گیا۔ فریقین نے ان حالات میں تعاون، پالیسی میں تسلسل اور باہمی فہم و ادراک کی اہمیت پر زور دیا تاکہ پائیدار معاشی نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ فریقین نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان مضبوط اور دیرینہ شراکت داری کا اعادہ کیا اور معاشی اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے لیے قریبی رابطہ کاری اور تعمیری مکالمے کو برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔