فورتھ پلر کے اشتراک سے مذاکرہ کا انعقاد،ماہرین کا صحافیوں کو ڈیجیٹل اسکلز سے لیس کرنے کی ضرورت پر زور

راولپنڈی۔28جنوری (اے پی پی):ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم فورتھ پلر کے اشتراک سے نوجوا ن صحافیوں کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے ایک روزہ مذاکرہ منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن سید ذیشان نقوی تھے۔مذاکرہ میں محمد سلیمان بٹ،ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد یوسف خان ،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی نائب صدر فرحت فاطمہ، پرائیویٹ سکول …

راولپنڈی۔28جنوری (اے پی پی):ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم فورتھ پلر کے اشتراک سے نوجوا ن صحافیوں کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے ایک روزہ مذاکرہ منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن سید ذیشان نقوی تھے۔مذاکرہ میں محمد سلیمان بٹ،ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد یوسف خان ،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی نائب صدر فرحت فاطمہ، پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری عبد الوحید خان،

سینئر وکیل زاہد بشیر ڈار،صبوہی حسین سی ای او ڈیجیٹل نیکسس،حسین سبحانی سی ڈی او ڈیجیٹل نیکسس ایشیا، ایجوکیشن بیٹ رپورٹر ایسوسی ایشن کے صدر ظفر سپرا، سینئر صحافی عائشہ ناز کے علاوہ ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی سیکرٹری جنرل سونیا ستی،نائب صدور عدنان عارف ، انیلا بشیر، حبہ عباسی،حنا درانی، آمنہ بلال، حارث اور غزل سمیت خواتین و مرد صحافیوں کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیدذیشان نقوی نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کر کے انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے جبکہ فری لانسنگ اور ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ نوجوانوں کے لیے معاشی خود مختاری کا مؤثر ذریعہ بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ڈیجیٹل اسکلز، آن لائن روزگار اور کاروباری رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ نوجوان ملکی معیشت میں فعال کردار ادا کر سکیں۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے جڑے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور خود انحصاری کی جانب بڑھیں۔مذاکرہ میں بین الاقوامی تنظیم فورتھ پلر امریکہ کے صدر فاروق مرزا نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ڈیجیٹل معیشت مستقبل کی معیشت ہے اور نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت اور عملی مواقع فراہم کیے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فورتھ پلر صحافیوں اور نوجوان پروفیشنلز کے لیے ڈیجیٹل، سائبر اور عملی روزگار سے متعلق مختلف پروگرامز کا آغاز کر چکی ہے،

جنہیں چیمبرز آف کامرس کے اشتراک سے مزید وسعت دی جا رہی ہے۔اس موقع پر ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد یوسف خان نے کہا کہ اس مذاکرہ سیشن کا مقصد نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں ڈیجیٹل روزگار کے نئے امکانات سے روشناس کرانا تھا۔

انہوں نے مہمانانِ خصوصی اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نوجوانوں کو خود مختار بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ینگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی سیکرٹری جنرل سونیا ستی نے کہا کہ خواتین اور نوجوان صحافیوں کو ڈیجیٹل اسکلز سے لیس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت، ڈیجیٹل سیکیورٹی اور فری لانسنگ کے مواقع بڑھانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔