کولمبو۔28جنوری (اے پی پی):پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مشترکہ اقتصادی کمیشن (جے ای سی) کا 13واں اجلاس کولمبو میں منعقد ہوا ،جو دونوں ممالک کے دیرینہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ دونوں ممالک نے پاکستان-سری لنکا تعلقات کو مزید …
کولمبو میں پاکستان-سری لنکا مشترکہ اقتصادی کمیشن کا 13 واں اجلاس، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی قیادت میں پاکستانی وفد کی شرکت

مزید خبریں
کولمبو۔28جنوری (اے پی پی):پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مشترکہ اقتصادی کمیشن (جے ای سی) کا 13واں اجلاس کولمبو میں منعقد ہوا ،جو دونوں ممالک کے دیرینہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ دونوں ممالک نے پاکستان-سری لنکا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس کا ایک اہم نتیجہ آئی ٹی اور ڈیجیٹل اکانومی پر مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا فیصلہ تھا جو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ڈیجیٹل تبدیلی کے شعبوں میں دونوں ممالک کے تعاون کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ فریقین نے جدید اور اختراعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔صنعتی تعاون کے فروغ اور دوطرفہ تجارت میں اضافے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
سری لنکا کی جانب سے پاکستانی دوا ساز کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی گئی۔ دونوں ممالک نے ایس ایم ای سیکٹر میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا اور اسے معاشی ترقی اور روزگار کے فروغ کے لیے کلیدی شعبہ قرار دیا۔زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی جس میں گوشت اور بیجوں کی تجارت سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
اس کے علاوہ سری لنکا کے انناس اور ایووکاڈو کی پاکستان برآمدات کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے میں بھی پیش رفت رپورٹ کی گئی۔تعلیم کے شعبے میں دونوں ممالک نے سری لنکن طلبہ کے لیے پاکستان کو اعلیٰ تعلیم کے مرکز کے طور پر فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں سائنس اور ٹیکنالوجی میں مشترکہ تحقیق اور جدید شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔صحت کے شعبے میں تعاون نمایاں رہا جس کے تحت مشترکہ تحقیق، دواسازی کے شعبے میں تعاون اور ریگولیٹری ہم آہنگی بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
سمندری تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا جس میں کراچی اور گوادر بندرگاہوں کے ذریعے ممکنہ شراکت داری شامل ہے۔ پاکستان نے سری لنکا کو شپ بلڈنگ اور میری ٹائم ٹریننگ میں تعاون کی پیشکش کی جس سے دوطرفہ تعاون کا دائرہ مزید وسیع ہوگا۔دونوں ممالک نے پاکستان-سری لنکا فری ٹریڈ ایگریمنٹ (ایف ٹی اے) کے تحت پیش رفت کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق کیا۔مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 13ویں اجلاس کا کامیاب انعقاد اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان اور سری لنکا اپنی اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور باہمی خیر سگالی کو ٹھوس معاشی نتائج میں بدلنے کے لیے پرعزم ہیں۔







