قائم مقام صدرِ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے فیصل کریم کنڈی کی ملاقات، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):قائم مقام صدرِ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، خیبر پختونخوا میں امن و امان، گڈگورننس اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام صدرسید یوسف رضا …

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):قائم مقام صدرِ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، خیبر پختونخوا میں امن و امان، گڈگورننس اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام صدرسید یوسف رضا گیلانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ایوانِ بالا جس میں تمام صوبوں کو یکساں نمائندگی حاصل ہے ملک کے تمام صوبوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں پاکستان کے تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرین اپنے اپنے علاقوں کی مؤثر آواز ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لئے بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام صوبوں کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے بہتر اور جامع حکمتِ عملی اختیار کی جائے گی۔قائم مقام صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا کے عوام کی بے مثال بہادری، قربانیوں اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن کا قیام ہی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا بالخصوص ضم شدہ اضلاع کے عوام نے قیامِ امن کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام، بشمول ضم شدہ اضلاع کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح اور مشن ہے اور اس مقصد کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں امن و امان کے قیام، گڈ گورننس کے فروغ اور عوامی فلاح کے لئے جاری اقدامات سے قائم مقام صدر کو آگاہ کیا اور مرکز و صوبے کے مابین تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔