آسٹریلوی کپتان مچل مارش کا شکست کا اعتراف، دورہ پاکستان کو مستقبل کے لیے اہم سبق قرار دے دیا

لاہور۔1فروری (اے پی پی):آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مچل مارش نے پاکستان کے خلاف سیریز میں عبرتناک شکست کے بعد قومی ٹیم کی برتری کا اعتراف کر لیا ہے۔ انہوں نے اس دورے کو آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سمیت مستقبل کے اہم بین الاقوامی مقابلوں کے لیے ایک قیمتی تجربہ قرار دیا ہے۔لاہور میں سیریز کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مچل مارش نے اعتراف …

لاہور۔1فروری (اے پی پی):آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مچل مارش نے پاکستان کے خلاف سیریز میں عبرتناک شکست کے بعد قومی ٹیم کی برتری کا اعتراف کر لیا ہے۔ انہوں نے اس دورے کو آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سمیت مستقبل کے اہم بین الاقوامی مقابلوں کے لیے ایک قیمتی تجربہ قرار دیا ہے۔لاہور میں سیریز کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مچل مارش نے اعتراف کیا کہ آسٹریلوی ٹیم بڑی توقعات کے ساتھ پاکستان آئی تھی لیکن وہ اپنے منصوبوں پر موثر طریقے سے عمل درآمد کرنے میں ناکام رہی۔ مارش کا کہنا تھا، "یہ ہمارے لیے ایک مایوس کن سیریز تھی۔

ہم یہاں جیتنے کے عزم کے ساتھ آئے تھے، لیکن پاکستان نے جس طرح کھیل کے ہر شعبے میں غلبہ حاصل کیا، اس کا پورا کریڈٹ انہیں جاتا ہے۔ اس ہار کے باوجود، یہ دورہ ہماری ٹیم کے لیے سیکھنے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوا ہے۔”آسٹریلوی کپتان نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں اپنی ٹیم کی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ وہ بڑی شراکت داریاں قائم کرنے میں ناکام رہے جو کہ شکست کی بنیادی وجہ بنی۔ انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستانی بولرز نے ہم پر مسلسل دبا برقرار رکھا جس کی وجہ سے ہم اہم مواقع پر وکٹیں گنواتے رہے۔

"مچل مارش نے خاص طور پر پاکستان کے اسپن اٹیک کی تعریف کی اور تسلیم کیا کہ آسٹریلوی بلے بازوں کو برصغیر کی اسپن دوست کنڈیشنز میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا، "ہم اسپن کے اس چیلنج کے لیے پوری طرح تیار نہیں تھے، تاہم ہم اس تجربے کو مثبت انداز میں لے رہے ہیں اور اسے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے استعمال کریں گے۔”آئندہ کے اہداف پر بات کرتے ہوئے مارش نے کہا کہ اب تمام تر توجہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر مرکوز ہے جہاں ٹیم نئے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سری لنکا کے آئندہ دورے کے لیے تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی سے ٹیم مزید مضبوط ہوگی۔دورانِ گفتگو انہوں نے لیگ اسپنر ایڈم زمپا کے حوالے سے اپ ڈیٹ دیتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ میچ کے دوران ‘گرائن انجری’ کا شکار ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے وہ آسٹریلوی اننگز میں بیٹنگ کے لیے نہ آسکے۔