آئی سی سی کا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے بارے میں پاکستان کے حکومتی موقف پر رد عمل، پی سی بی کے باضابطہ موقف کا انتظار ہے ،آئی سی سی

لاہور۔1فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے حکومت پاکستان کے اس بیان جس میں قومی ٹیم کو آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026میں منتخب انداز میں شرکت کی ہدایت دینے کا عندیہ دیا گیا ہے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی تاحال پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے باضابطہ موقف کا منتظر ہے، تمام کوالیفائیڈ ٹیموں …

لاہور۔1فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے حکومت پاکستان کے اس بیان جس میں قومی ٹیم کو آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026میں منتخب انداز میں شرکت کی ہدایت دینے کا عندیہ دیا گیا ہے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی تاحال پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے باضابطہ موقف کا منتظر ہے،

تمام کوالیفائیڈ ٹیموں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ طے شدہ شیڈول کے مطابق برابری کی بنیاد پر مقابلہ کریں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کے ٹورنامنٹس کھیلوں کی دیانت داری، مسابقت، تسلسل اور انصاف کے اصولوں پر قائم ہوتے ہیں۔

آئی سی سی نے واضح کیا کہ وہ قومی پالیسی کے معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے، تاہم آئی سی سی نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس فیصلے کے کرکٹ پر پڑنے والے طویل المدتی اور سنگین اثرات پر سنجیدگی سے غور کرے گا کیونکہ اس کے نتائج عالمی کرکٹ نظام پر مرتب ہو سکتے ہیں جس کا پی سی بی خود ایک رکن اور فائدہ اٹھانے والا ادارہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق آئی سی سی کی اولین ترجیح مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026کا کامیاب انعقاد ہے، جو پی سی بی سمیت تمام رکن ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آئی سی سی نے پی سی بی پر زور دیا ہے کہ وہ تمام فریقین کے مفادات کے تحفظ کے لیے باہمی طور پر قابلِ قبول حل تلاش کرے۔