آرسنل نے ویمنز چیمپئنز کپ جیت لیا، تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم اپنے نام کر لی

لندن۔2فروری (اے پی پی):انگلش کلب آرسنل نے ویمنز فٹبال کی تاریخ میں ایک نیا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے فیفا ویمنز چیمپئنز کپ جیت لیا۔ شنہوا کے مطابق ایمرٹس سٹیڈیم ،لندن میں کھیلے گئے فائنل میچ میں آرسنل نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد برازیل کے کلب کورنتھیانس کو اضافی وقت کے بعد 2-3 سے شکست دے کر نہ صرف پہلا عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا بلکہ خواتین کلب فٹبال …

لندن۔2فروری (اے پی پی):انگلش کلب آرسنل نے ویمنز فٹبال کی تاریخ میں ایک نیا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے فیفا ویمنز چیمپئنز کپ جیت لیا۔ شنہوا کے مطابق ایمرٹس سٹیڈیم ،لندن میں کھیلے گئے فائنل میچ میں آرسنل نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد برازیل کے کلب کورنتھیانس کو اضافی وقت کے بعد 2-3 سے شکست دے کر نہ صرف پہلا عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا بلکہ خواتین کلب فٹبال کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم بھی حاصل کر لی۔

یورپی چیمپئن آرسنل کو اس کامیابی پر 23 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم ملی، جو گزشتہ سیزن کی ویمنز چیمپئنز لیگ جیتنے پر ملنے والی رقم سے تقریباً چار گنا زیادہ ہے۔ فائنل مقابلہ لندن کے ایمریٹس سٹیڈیم میں 25 ہزار سے زائد شائقین کے سامنے کھیلا گیا۔میچ کا آغاز آرسنل کے حق میں ہوا جب اولیویا سمتھ نے ابتدائی منٹوں میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، تاہم کورنتھیانس کی گابی زانوٹی نے جلد ہی مقابلہ برابر کر دیا۔

دوسرے ہاف میں انگلینڈ کی ڈیفنڈر لوٹے وبن موئے نے ایک بار پھر آرسنل کو سبقت دلائی، جس پر سٹیڈیم میں جشن کا سماں بن گیا۔تاہم، میچ کے اختتامی لمحات میں کورنتھیانس نے شاندار واپسی کرتے ہوئے پنالٹی کے ذریعے گول سکور کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ ویِک البوکرکی نے گیزیلا روبلیڈو پر فاؤل کے بعد ملنے والی پنالٹی کو گول میں تبدیل کیا۔اضافی وقت میں آرسنل کی مضبوط بینچ اور تجربہ کار کھلاڑیوں نے فرق پیدا کیا۔

کیٹلین فورڈ نے قریب سے شاندار شاٹ لگا کر فیصلہ کن گول سکور کیا، جس نے کورنتھیانس کی مزاحمت کو توڑ دیا اور آرسنل کو تاریخی فتح دلوا دی۔یہ ٹورنامنٹ پہلی بار منعقد کیا گیا، جس میں دنیا کے 6براعظموں کی چیمپئن ٹیموں نے حصہ لیا۔ آرسنل کو اس مقابلے کا مضبوط ترین امیدوار تصور کیا جا رہا تھا، تاہم کورنتھیانس نے سیمی فائنل میں امریکی چیمپئن گوتھم ایف سی کو شکست دے کر سب کو حیران کر دیا تھا۔