نیویارک ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) پاکستان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خطاب پر بھارتی مندوب کی تنقید کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسے دوٹوک طور پر مسترد کر دیا ہے، وزیراعظم نے اپنے خطاب میں عالمی ادارہ سے پرزور انداز میں مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام سے ان کے جائز حق خود ارادیت کے حوالہ سے کئے گئے وعدے کو پورا کرے۔ پاکستانی مندوب ٹیپو عثمان نے جواب کا حق استعمال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ظالمانہ بھارتی تسلط کے تحت زندگی بسر کرنے والے مظلوم کشمیری عوام کے جذبات اور امنگوں کی عکاسی کی۔ اقوام متحدہ میں پاکستان مشن میں قونصلر ٹیپو عثمان بھارتی مندوب اینام گھمبیر کے الزامات کا جواب دے رہے تھے۔ پاکستانی مندوب نے جمعرات کو رات گئے 193 رکنی جنرل اسمبلی کو بتایا کہ جنوبی ایشیاءمیں تمام برائیوں کی جڑ حل طلب جموں و کشمیر کا تنازعہ ہے۔