ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے پہلے آئی سی سی کی نئی پلیئر رینکنگ جاری،پاکستانی کرکٹرز کی بھی نمایاں کارکردگی

لاہور۔4فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل تازہ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی نمایاں کارکردگی ایک بار پھر سامنے آ گئی ہے۔آل راونڈرز کی فہرست میں پاکستان کے صائم ایوب نے شاندار انداز میں دوبارہ ٹی ٹونٹی کے نمبر ون آل راونڈر کی پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ زمبابوے کے سکندر رضا ایک درجہ تنزلی کے بعد …

لاہور۔4فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل تازہ پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی نمایاں کارکردگی ایک بار پھر سامنے آ گئی ہے۔آل راونڈرز کی فہرست میں پاکستان کے صائم ایوب نے شاندار انداز میں دوبارہ ٹی ٹونٹی کے نمبر ون آل راونڈر کی پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ زمبابوے کے سکندر رضا ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے۔ پاکستان کے محمد نواز نے بھی ایک درجہ بہتری کے بعد چوتھی پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ شاداب خان نے غیر معمولی بہتری دکھاتے ہوئے 13درجے ترقی کے ساتھ 26ویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے۔

ٹی ٹونٹی بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے ابھیشیک شرما بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں، انگلینڈ کے فل سالٹ دوسرے جبکہ جوز بٹلر ایک درجہ ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستانی بیٹرز میں صاحبزادہ فرحان دو درجے تنزلی کے باوجود ساتویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ صائم ایوب نے زبردست پیش رفت کرتے ہوئے آٹھ درجے ترقی کے ساتھ 28ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ قومی ٹی ٹونٹی کپتان سلمان علی آغا نے بھی شاندار کارکردگی کی بدولت 12 درجے ترقی کرتے ہوئے 29ویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے، تاہم سابق کپتان بابراعظم تین درجے تنزلی کے بعد 34ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل فخر زمان پانچ درجے تنزلی کے بعد 74ویں نمبر پر موجود ہیں۔بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے ورون چکرورتی پہلے نمبر پر براجمان ہیں تاہم پاکستان کے ابرار احمد نے دو درجے ترقی کے بعد دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے افغانستان کے راشد خان کو تیسرے نمبر پر دھکیل دیا ہے۔ محمد نواز نے آٹھ درجے ترقی کے ساتھ ساتویں پوزیشن حاصل کی جبکہ شاہین شاہ آفریدی بھی پانچ درجے بہتری کے بعد 19ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ شاداب خان نے یہاں بھی شاندار چھلانگ لگاتے ہوئے 33 درجے ترقی کے ساتھ 72ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ مجموعی طور پر تازہ ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی حوصلہ افزا رہی ہے جو ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم کے لیے مثبت اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔