آئی او سی اجلاس، جوآن انتونیو سامرانچ دوسری بار نائب صدرمنتخب،ایران کی پہلی خاتون بیڈمنٹن اولمپین ثریا آقائی حاجی آغا کابھی بطورممبرانتخاب

خرم شہزاد میلان ۔4فروری (اے پی پی):اٹلی کے شہر میلان میں منعقدہ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی اوسی) کے 145 ویں اجلاس میں اہم تنظیمی فیصلے کئے گئے ہیں۔ "میلان کورٹینا 2026" ونٹر اولمپک گیمز کے آغاز سے چند روز قبل ہونے والے اس اجلاس میں نائب صدر کا دوبارہ انتخاب، ایگزیکٹو بورڈ کے نئے اراکین اور ایک نئی خاتون ممبر کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ اسپین سے تعلق …

خرم شہزاد

میلان ۔4فروری (اے پی پی):اٹلی کے شہر میلان میں منعقدہ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی اوسی) کے 145 ویں اجلاس میں اہم تنظیمی فیصلے کئے گئے ہیں۔ "میلان کورٹینا 2026” ونٹر اولمپک گیمز کے آغاز سے چند روز قبل ہونے والے اس اجلاس میں نائب صدر کا دوبارہ انتخاب، ایگزیکٹو بورڈ کے نئے اراکین اور ایک نئی خاتون ممبر کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ اسپین سے تعلق رکھنے والے جوآن انتونیو سامرانچ کو دوسری بار چار سالہ مدت کے لیے آئی او سی کا نائب صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ایگزیکٹو بورڈ کے تین نئے اراکین کا انتخاب بھی کیا گیا جن میں انگمار ڈی ووس (بیلجیئم)، جے یول کم(جنوبی کوریا) اور مسٹر نیون الِک(چلی) شامل ہیں۔ ایران کی پہلی خاتون بیڈمنٹن اولمپین ثریا آقائی حاجی آغا کو آئی او سی کی نئی ممبر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ ان کے انتخاب کے بعد آئی او سی کے کل اراکین کی تعداد 107 ہو گئی ہے، جس میں 48 خواتین (44.9 فیصد) شامل ہیں۔ یہ عالمی ادارے میں صنفی توازن کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے۔

آئی او سی ایگزیکٹو بورڈ میں ہونے والی نئی تبدیلیاں میلان کورٹینا 2026 گیمز کے اختتام پر نافذ العمل ہوں گی۔ انگمار ڈی ووس، سربیا کے نیناڈ لالوچ کی جگہ لیں گے۔جے یول کم، اٹلی کے ایوو فیریانی کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ نیون الِک، اس خالی نشست پر براجمان ہوں گے جو مارچ 2025 میں آئی او سی صدر کے انتخاب کے بعد خالی ہوئی تھی۔ اجلاس میں 11 موجودہ اراکین کو مزید 8 سال کے لیے دوبارہ منتخب کیا گیا، جن میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی، اردن کے شہزادہ فیصل بن الحسین، اور افغانستان کی سمیرا اصغری نمایاں ہیں۔

علاوہ ازیں جنوبی افریقہ کے اننت سنگھ اور آسٹریا کے کارل اسٹوس کی مدتِ ملازمت میں ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں 4 سال کی توسیع کی گئی ہے، اب وہ 2030 تک اپنے عہدوں پر برقرار رہیں گے۔ جرمنی کی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیےمائیکل مرونز کی رکنیت کی حیثیت میں بھی تبدیلی کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں پیٹریسیا او برائن کو چار سالہ مدت کے لیے آئی او سی ایتھکس کمیشن کی چیئرپرسن منتخب کیا گیا۔ وہ اقوام متحدہ کی سابق انڈر سیکرٹری جنرل برائے قانونی امور رہ چکی ہیں۔ کمیشن کے دیگر اراکین میں کارل اسٹوس، کم ون سو، اوویٹا راپیلا اور سابق باسکٹ بال اسٹار پاؤ گیسول شامل ہیں۔