سعودی پرو لیگ کی کرسٹیانورونالڈو کو دوٹوک وارننگ، النصر میں مستقبل پر غیر یقینی صورتحال

ریاض ۔6فروری (اے پی پی):سعودی پرو لیگ نے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے مستقبل سے جڑے خدشات کے درمیان واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی فرد، چاہے وہ کتنا ہی بڑا نام کیوں نہ ہو، اپنے کلب سے باہر فیصلوں پر اثرانداز نہیں ہو سکتا۔41 سالہ پرتگالی فارورڈ کو پیر کے روز النصر کی جانب سے الریاض کے خلاف لیگ میچ کے لیے سکواڈ میں شامل نہیں …

ریاض ۔6فروری (اے پی پی):سعودی پرو لیگ نے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے مستقبل سے جڑے خدشات کے درمیان واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی فرد، چاہے وہ کتنا ہی بڑا نام کیوں نہ ہو، اپنے کلب سے باہر فیصلوں پر اثرانداز نہیں ہو سکتا۔41 سالہ پرتگالی فارورڈ کو پیر کے روز النصر کی جانب سے الریاض کے خلاف لیگ میچ کے لیے سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، جس کے بعد ان کے مستقبل سے متعلق قیاس آرائیاں تیز ہو گئیں۔ پرتگالی میڈیا آؤٹ لیٹ اے بولا کے مطابق رونالڈو نے مبینہ طور پر میچ کھیلنے سے انکار کیا کیونکہ وہ سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف ) کی جانب سے کلب کے انتظامی معاملات سے ناخوش تھے۔

بی بی سی سپورٹ کے مطابق رونالڈو کی ناراضی کی ایک بڑی وجہ ان کے سابق ریال میڈرڈ ساتھی کریم بینزیما کی الاتحاد سے لیگ لیڈر الہلال میں منتقلی ہے۔ 38 سالہ فرانسیسی سٹرائیکر نے الہلال کی جانب سے ڈیبیو میچ میں ہیٹ ٹرک سکور کرتے ہوئے الاخدود کے خلاف 0-6 کی شاندار فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔الہلال اور النصر دونوں سعودی عرب کے کامیاب ترین کلبوں میں شامل ہیں اور دونوں ہی پی آئی ایف کے زیرِ انتظام ہیں، جو انگلش کلب نیو کیسل یونائیٹڈ کی بھی سرپرستی کرتا ہےرونالڈو نے بدھ کے روز ٹریننگ کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی، تاہم سعودی لیگ حکام تاحال اس بات پر غیر یقینی کا شکار ہیں کہ آیا وہ آئندہ الاتحاد کے خلاف میچ میں میدان میں اتریں گے یا نہیں۔

سعودی پرو لیگ کے ترجمان نے بی بی سی کو جاری بیان میں کہا کہ سعودی پرو لیگ ایک سادہ اصول پر کام کرتی ہے، جہاں ہر کلب یکساں قوانین کے تحت آزادانہ طور پر کام کرتا ہے۔ کھلاڑیوں کی بھرتی، اخراجات اور حکمتِ عملی کے فیصلے کلب خود کرتے ہیں، تاکہ مالی استحکام اور مسابقتی توازن برقرار رہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ کرسٹیانورونالڈو نے النصر میں شمولیت کے بعد کلب کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور وہ ایک فاتحانہ ذہنیت کے حامل کھلاڑی ہیں، تاہم لیگ کے فیصلے کسی ایک فرد کے تابع نہیں ہو سکتے۔

واضح رہے کہ رونالڈو 2022 میں مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑ کر النصر میں شامل ہوئے تھے، جہاں وہ سالانہ 177 ملین پاؤنڈ معاوضے کے ساتھ فٹبال کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بنے۔ تاہم وہ اب تک النصر کے ساتھ صرف عرب کلب چیمپئنز کپ جیت سکے ہیں۔پانچ مرتبہ کے بیلن ڈی اور فاتح رونالڈو نے جون 2025 میں النصر کے ساتھ دو سالہ نیا معاہدہ کیا تھا، اگرچہ اس سے قبل ان کے الہلال جانے کی قیاس آرائیاں بھی سامنے آئی تھیں۔لیگ صورتحال پر نظر ڈالیں تو الہلال 20 میچز میں 50 پوائنٹس کے ساتھ ناقابلِ شکست سرفہرست ہے، جبکہ النصر ایک میچ کم کھیل کر چار پوائنٹس پیچھے تیسرے نمبر پر موجود ہے۔