تہران ۔ 25 ستمبر (اے پی پی) ایرانی صدرحسن روحانی نے کردستان میں ریفرنڈم کے حوالے سے ترکی کے صدر اورعراقی وزیراعظم سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے عراقی وزیراعظم حیدر العبادی سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا کہ ہم عراقی قوم اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اورعراق کی جغرافیائی سالمیت اور قومی وحدت کے خلاف کسی بھی اقدام کی شدید مخالفت کرتے ہیں۔اس موقع پر عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے عراقی علاقے کردستان کے صدر مسعود بارزانی کے ریفرنڈم کرانے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کردستان میں ریفرنڈم کا انعقاد آئین کی خلاف ورزی ہے اور حکومت بغداد اسے مسترد کرتی ہے۔دوسری جانب ایرانی صدر حسن روحانی اور ترک صدررجب طیب اردوان نے ٹیلیفون پر گفتگو میں عراق کی ارضی سالمیت پرتاکید کی اور عراق کے علاقے کردستان میں ہونے والے ریفرنڈم کی مخالفت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قراردیا ہے۔ ترک صدر نے کہا کہ کردستان میں ہونے والا ریفرنڈم ترکی کی سلامتی کے لئے بھی بہت بڑا خطرہ ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=71050