پاکستان مسلم لیگ (ن) قانون کی حکمرانی پر مکمل یقین رکھتی ہے،ملک میں جمہوری نظام کا تسلسل چاہتی ہے،وزیر مملکت برائے تعلیم و ووکیشنل ٹریننگ انجنیئر بلیغ الرحمان کی ٹی وی چینل سے گفتگو
اسلام آباد ۔ 25 ستمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے تعلیم و ووکیشنل ٹریننگ انجنیئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) قانون کی حکمرانی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور ملک میں جمہوری نظام کا تسلسل چاہتی ہے۔ پیر کو ایک ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا ہے اور عدلیہ بحالی کے لیے ناقابل فراموش قربانیاں بھی دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ماضی کے مقابلے میںاب ملکی اقتصادی ترقی میں واضح بہتری آئی ہے جس سے ہر شعبے کو فروغ بھی مل رہا ہے اور بہتری نظر بھی آ رہی ہے جو خوش آئند ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2013ءکے عام انتخابات کی طرح پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو یہ بات سمجھ آ چکی ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف ہی عوام کے سب سے مقبول ترین لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمانی عمل میں دلچسپی نہیں لے رہی یہی وجہ ہے کہ اس کے اراکین کو انتخابی اصلاحاتی بل کی قانون سازی کے بارے میں کوئی علم نہیں۔ بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت 2018ءکے عام انتخابات میں جوابدہ ہو گی اور خیبرپختونخواہ کی عوام ان سے ان کی حکومتی کارکردگی کے بارے میں پوچھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اقتدار کی ہوس لیے کسی بھی قیمت پر وزیراعظم بننا چاہتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=71088