اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان نے ملک میں عوامی شعور کی بیداری، بروقت معلومات کی فراہمی، ماحولیاتی آگاہی، کھیلوں، ادب اور ثقافت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور قومی زندگی کے ہر اہم مرحلے پر قوم کی رہنمائی کی ہے۔عالمی یومِ ریڈیو کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے شعبہ نشریات سے وابستہ …
ریڈیو پاکستان نے ملک میں عوامی شعور کی بیداری، بروقت معلومات کی فراہمی، ماحولیاتی آگاہی، کھیلوں، ادب اور ثقافت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل کا عالمی یوم ریڈیو کے موقع پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان نے ملک میں عوامی شعور کی بیداری، بروقت معلومات کی فراہمی، ماحولیاتی آگاہی، کھیلوں، ادب اور ثقافت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور قومی زندگی کے ہر اہم مرحلے پر قوم کی رہنمائی کی ہے۔عالمی یومِ ریڈیو کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے شعبہ نشریات سے وابستہ تمام افسران اور کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ اطلاعات و نشریات کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ دو بڑے قومی نشریاتی ادارے، ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن اس وزارت کے زیرِ انتظام اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، ان دونوں اداروں نے اپنے قیام سے لے کر آج تک ملک میں عوامی شعور کی بیداری، بروقت معلومات کی فراہمی، ماحولیاتی آگاہی، کھیلوں، ادب اور ثقافت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور قومی زندگی کے ہر اہم مرحلے پر قوم کی رہنمائی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی تاریخ 1965ء کی جنگ کے حوالے سے ایک منفرد قومی خدمت سے بھی عبارت ہے، اس اہم گھڑی اور بعد ازاں 1971ء کی جنگ کے دوران ریڈیو نے جس ولولہ انگیز انداز میں قوم کا حوصلہ بلند کیا، افواجِ پاکستان کے کارناموں کو اجاگر کیا اور پوری قوم کو ایک لڑی میں پرویا، وہ ہماری نشریاتی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی سطح پر وزارت اطلاعات اس امر کے لئے پُرعزم ہے کہ ریڈیو پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے، حال ہی میں ریڈیو پاکستان نے اپنے نظامِ پنشن کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنا دیا ہے جو دیگر کارپوریشنز کے لئے ایک قابلِ تقلید مثال امر ہے، اس اقدام سے نہ صرف شفافیت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ مالی نظم و ضبط بھی مزید بہتر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کو مالی طور پر مستحکم بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ وفاقی وزارتِ اطلاعات و نشریات ماضی میں بھی ریڈیو پاکستان کی مالی معاونت کرتی رہی ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی مناسب مالی تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ یہ قومی ادارہ اپنے فرائض احسن انداز میں سرانجام دیتا رہے۔ سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ ریڈیو پاکستان نے مالی نظم و ضبط پر عمل کرتے ہوئے خود کو اس امر کا اہل ثابت کیا ہے کہ وزارت کی سرپرستی برقرار رہی تو یہ ادارہ ایک مضبوط اور مثالی کارپوریشن کے طور پر مزید ترقی کرے گا،ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ انتظامی شفافیت، پیشہ وارانہ مہارت اور جدید اصلاحات کے ذریعے ریڈیو پاکستان کو ایک فعال، باوقار اور مستحکم قومی ادارہ بنایا جائے گا۔








