پاکستان کی مسلح افواج نے معرکہ حق میں شاندار کامیابی حاصل کی، اب قوم کو معرکہ معیشت میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی، وفاقی وزیر احسن اقبال

حیدرآباد۔ 13 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے معرکہ حق میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے اور اب قوم کو معرکہ معیشت میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی کیونکہ مضبوط معیشت کے بغیر دفاعی استحکام ممکن نہیں۔ وہ گزشتہ روز جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف میتھمیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنس میں آخری سال کے …

حیدرآباد۔ 13 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے معرکہ حق میں شاندار کامیابی حاصل کی ہے اور اب قوم کو معرکہ معیشت میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی کیونکہ مضبوط معیشت کے بغیر دفاعی استحکام ممکن نہیں۔ وہ گزشتہ روز جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف میتھمیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنس میں آخری سال کے طلبہ و طالبات کی تھیسز نمائش کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر 133 تحقیقی منصوبے پیش کیے گئے جن میں وفاقی وزیر نے گہری دلچسپی لیتے ہوئے طلبہ سے بریفنگ بھی لی۔

تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری، وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی، مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہ محمود شاہ، سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ مصنوعی ذہانت دنیا میں تیزی سے تبدیلی لا رہی ہے اور مستقبل میں کئی روایتی نوکریاں ختم جبکہ نئی مہارتوں پر مبنی بے شمار مواقع پیدا ہوں گے، اس لیے نوجوانوں کو ڈگری کے ساتھ عملی مہارتیں بھی حاصل کرنا ہوں گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وفاقی حکومت جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف میتھمیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنس میں جدید آرٹیفشل انٹیلیجنس لیبارٹری کے قیام کے لیے مالی معاونت فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کا اصل مقصد تحقیق اور نئی معلومات پیدا کرنا ہے، صرف تدریس کافی نہیں۔ ان کے مطابق وہ تحقیقی مقالے بے فائدہ ہیں جن کا معاشرے کی ترقی میں عملی کردار نہ ہو۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی سالانہ اربوں ڈالر زرمبادلہ ملک بھیج رہے ہیں جبکہ ملک کے اندر پیداوار اور برآمدات میں اضافے کی اشد ضرورت ہے تاکہ معاشی استحکام حاصل کیا جا سکے۔

اس موقع پر وائس چانسلر جامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے یونیورسٹی میں آرٹیفشل انٹیلیجنس ریسرچ لیبارٹری کے قیام اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے وفاقی تعاون کی درخواست کی جبکہ ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایاز کیریو نے ادارے کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔ تقریب کے اختتام پر طلبہ و طالبات کے تحقیقی منصوبوں کو سراہتے ہوئے ملکی ترقی میں نوجوانوں کے کردار کو کلیدی قرار دیا گیا۔