ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ کی رمضان المبارک کی آمد پرپوری قوم اور اُمتِ مسلمہ کو مبارکباد

اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے رمضان المبارک کی آمد پر پاکستانی قوم اور اُمتِ مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئےکہا ہے کہ پُرنور اور بابرکت ساعتوں کا آغاز اُمتِ مسلمہ کے لئے پُرمسرت موقع ہے۔ بدھ کو اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتیں جہنم سے نجات کا ذریعہ ہیں، ماہ رمضان ہمیں تقویٰ، صبر، شکرگزاری، ایثار اور …

اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے رمضان المبارک کی آمد پر پاکستانی قوم اور اُمتِ مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئےکہا ہے کہ پُرنور اور بابرکت ساعتوں کا آغاز اُمتِ مسلمہ کے لئے پُرمسرت موقع ہے۔

بدھ کو اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتیں جہنم سے نجات کا ذریعہ ہیں، ماہ رمضان ہمیں تقویٰ، صبر، شکرگزاری، ایثار اور قربانی جیسے اعلیٰ اوصاف اپنانے کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماہِ صیام ہمیں اپنے کردار کی اصلاح، روحانی تطہیر اور اللہ تعالیٰ سے اپنے تعلق کو مضبوط کرنے کا سنہری موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں ہم معاشرے کے ضرورت مند طبقات کی مدد کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرسکتے ہیں، ماہ مبارک ہمیں سماجی انصاف، بھائی چارے، باہمی احترام اور خدمتِ خلق جیسے اعلیٰ انسانی اقدار اپنانے کی تلقین کرتا ہے، ہمیں عبادات کے ساتھ اپنے قول و فعل میں اخلاص، دیانتداری، برداشت اور نفرت و تعصب سے گریز کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہر فرد کو چاہیے کہ اتحاد و اتفاق کو فروغ دے کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے، رمضان المبارک کی رحمتوں و برکتوں سے بھرپور ساعتوں میں اپنے فلسطینی اور کشمیری بھائی بہنوں کو اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں، اللہ تعالیٰ ہمیں اس بابرکت مہینے کی رحمتوں اور برکتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی وطن عزیز کی سلامتی کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے درجات بلند فرمائے۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے پاکستان کے امن، سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لئے بھی دعا کی۔