اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کا اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے کانسٹی ٹیوشن روم میں کمیٹی کی چیئرپرسن منزہ حسن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں چیئرپرسن نے وزارت کی جانب سے مطلوبہ بریفنگ دستاویزات فراہم نہ کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے پارلیمانی نگرانی اور طریقہ کار کی ذمہ داریوں سے …
چیئرپرسن منزہ حسن کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم کے اجلاس کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کا اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے کانسٹی ٹیوشن روم میں کمیٹی کی چیئرپرسن منزہ حسن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں چیئرپرسن نے وزارت کی جانب سے مطلوبہ بریفنگ دستاویزات فراہم نہ کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے پارلیمانی نگرانی اور طریقہ کار کی ذمہ داریوں سے صریحاً انحراف قرار دیا۔
کمیٹی نے کہا کہ اگرچہ ایجنڈے میں باضابطہ طور پر پی ایس ڈی پی کا جائزہ شامل تھا تاہم جانچ پڑتال کے لئے کوئی جامع بریف پیش نہیں کی گئی۔ کمیٹی اراکین نے کہا کہ قائمہ کمیٹی سے اہم ترقیاتی معلومات کو روکنا مروجہ قواعد کی خلاف ورزی ہے اور یہ موسمیاتی شعبے میں عوامی اخراجات کی شفافیت، احتساب اور مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے کمیٹی کے آئینی مینڈیٹ کو مجروح کرتا ہے۔
کمیٹی نے سی ڈی اے کی جانب سے بھی مطلوبہ دستاویزات فراہم نہ کرنے کا سخت نوٹس لیا۔ کمیٹی نے عدم تعمیل اور کمیٹی کو اس کی پارلیمانی ذمہ داریاں ادا کرنے میں معاونت نہ کرنے پر استحقاق کی تحریک لانے اور ضروری مواد کی عدم دستیابی کے پیش نظر اجلاس ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔
قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی سیدہ شہلا رضا،ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ اسلم سومرو، تمکین اختر نیازی، شاہدہ رحمانی، میر خان محمد جمالی،طاہرہ اورنگزیب اور مسرت رفیق مہیسر سمیت وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کوآرڈینیشن اور اتھارٹی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔








