اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر زوفشان نے کہا ہے کہ دارالحکومت میں عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پمز ہسپتال میں 200 بستروں پر مشتمل جدید ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی سینٹر کے قیام کا منصوبہ ترتیب دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کیا ۔انہوں …
وفاقی دارالحکومت میں عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پمز میں 200 بستروں پر مشتمل جدید ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی سینٹر کے قیام کا منصوبہ ترتیب دیا ہے،ڈاکٹر زوفشان

مزید خبریں
اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر زوفشان نے کہا ہے کہ دارالحکومت میں عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پمز ہسپتال میں 200 بستروں پر مشتمل جدید ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی سینٹر کے قیام کا منصوبہ ترتیب دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت ایمرجنسی اور ٹراما کیئر کے لیے علیحدہ اور جدید سہولیات سے آراستہ ہسپتال عمارت تعمیر کی گئی ہے جس سے حادثات اور ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو فوری اور مؤثر طبی امداد فراہم کی جا سکے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کے اہم اجزا میں ایمرجنسی و ٹراما سینٹر کی مرکزی عمارت، پارکنگ پلازہ، سی یو پی بلڈنگ اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ شامل ہیں، منصوبے کے لیے 52.35 کنال اراضی مختص کی گئی ہے جبکہ مجموعی کورڈ ایریا تقریباً 2,45,780 مربع فٹ ہے، منصوبے کے تحت 177 بستروں کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے پمز میں ایمرجنسی خدمات کا معیار مزید بہتر ہوگا اور وفاقی دارالحکومت سمیت گردونواح سے آنے والے مریضوں کو جدید طبی سہولیات ایک ہی چھت تلے میسر آئیں گی۔ حکومت صحت کے شعبے کی بہتری اور ہنگامی طبی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں جدید 200 بستروں پر مشتمل ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی سینٹر کے قیام کے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ منصوبے کا مقصد ہنگامی طبی خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور ٹراما کیئر کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرنا ہے۔ ہسپتال کی مرکزی عمارت، CUP بلڈنگ اور 420 گاڑیوں کی گنجائش پر مشتمل پارکنگ پلازہ شامل ہے۔ ایمرجنسی بلاک میں جدید ٹراما وارڈز قائم کیے جائیں گے جن میں 4 آپریشن تھیٹرز (2 میجر اور 2 مائنر) شامل ہیں تاکہ سنگین حادثات اور ہنگامی کیسز کو بروقت اور مؤثر طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
ایمرجنسی بلاک میں ایکیوٹ کیئر، آئسولیشن رومز، فارمیسی، سی ایس ایس ڈی، لانڈری، ایک عدد سی ٹی سکین، دو ایکسرے رومز، ویٹنگ ہالز، ایڈمن بلاک، میٹریل مینجمنٹ اور مینی فولڈ سسٹم جیسی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 177 بستروں کی گنجائش رکھی گئی ہے جن میں ایکیوٹ کیئر کے 32، فاسٹ ٹریک کے 44، ٹرائیج کے 6، ٹراما کے 28، آبزرویشن (مرد و خواتین) کے 54، متفرق کے 3 جبکہ نئے وارڈ کے 10 بستر شامل ہیں21۔فلور وائز سہولیات کے مطابق بیسمینٹ میں سی ایس ایس ڈی، لانڈری، جنرل سٹور، مردہ خانہ، میٹریل مینجمنٹ، سٹاف سروسز، فائر مین کمانڈ اینڈ سکیورٹی روم اور مین الیکٹریکل روم قائم کئے گئے ہیں ۔ گراؤنڈ فلور پر امیجنگ، ٹراما، ٹراما او آرز، ایکیوٹ کیئر (1 اور 2)، فاسٹ ٹریک (1 اور 2)، فارمیسی اور ویٹنگ ہال ہیں۔
فرسٹ فلور پر ایڈمن، آبزرویشن (مرد و خواتین)، ٹراما اور نیا وارڈ قائم کیا گیا ہے جبکہ روف ٹاپ پر او ایچ ڈبلیو ٹی، مشین رومز، پمپ روم اور سولر پینلز نصب کیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے پمز میں ایمرجنسی اور ٹراما کیئر کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی اور اسلام آباد سمیت گردونواح کے مریضوں کو جدید اور بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت صحت کے شعبے کی بہتری اور ہنگامی طبی نظام کی مضبوطی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔








