وزیرِاعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):وزیرِاعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد نے جمعرات کوملاقات کی جس میں انجینئرنگ ڈیویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او حماد منصور بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران کیمیکل انڈسٹری کو درپیش مسائل، آئندہ بجٹ اور مجوزہ پیٹرو کیمیکل پالیسی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ …

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):وزیرِاعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد نے جمعرات کوملاقات کی جس میں انجینئرنگ ڈیویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او حماد منصور بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران کیمیکل انڈسٹری کو درپیش مسائل، آئندہ بجٹ اور مجوزہ پیٹرو کیمیکل پالیسی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے معاشی ترقی کے وژن کے مطابق صنعتوں کو مضبوط بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی صنعتیں اس وقت ہائی یوٹیلیٹی کاسٹ، بلند ٹیکسوں اور مہنگے قرضوں جیسے مسائل کا سامنا کر رہی ہیں، تاہم حکومت ان چیلنجز کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر صنعت کی ترقی اور مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ کے لیے جامع حکمتِ عملی اپنائی جا رہی ہے۔ہارون اختر خان نے کہا کہ قومی صنعتی پالیسی ترقی کی راہ ہموار کرنے کے لیے تیار کی جا رہی ہے، جبکہ صنعتیں اپنا کیس اور تفصیلی تجزیہ پیش کر سکتی ہیں تاکہ آئندہ بجٹ میں بہتر تجاویز شامل کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد منصوبہ بندی کرتی ہے اور تمام فیصلے باہمی اتفاقِ رائے سے کئے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انجینئرنگ ڈیویلپمنٹ بورڈ متعلقہ صنعتوں سے مشاورت کے بعد پیٹرو کیمیکل پالیسی پیش کرے گا،

جبکہ آئندہ بجٹ پاکستان کی صنعتوں اور عوام کے لیے سازگار اور سہولت فراہم کرنے والا ہوگا۔ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی دن رات محنت کے باعث معاشی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے اور حکومت صنعتی شعبے کی بحالی کے لیے پُرعزم ہے۔