اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):سکواش کے سابق عالمی چیمپئن ، پاکستان سکواش فیڈریشن کے ایگزیکٹو ممبر اور خیبر پختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کے چیئرمین قمر زمان نے کہا ہے کہ سکواش کے میدان میں پاکستان کا مستقبل روشن ہے، ملک میں ایسے نوجوان کھلاڑی موجود ہیں جو بین الاقوامی سطح پر میگا ایونٹ میں پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں، ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کےلئے مختلف …
سکواش کے میدان میں پاکستان کا مستقبل روشن ہے، بین الاقوامی سطح پرملک کا نام روشن کرنے کی صلاحیت رکھنے والے کھلاڑی موجود ہیں، سکواش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان کا انٹرویو

مزید خبریں
اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):سکواش کے سابق عالمی چیمپئن ، پاکستان سکواش فیڈریشن کے ایگزیکٹو ممبر اور خیبر پختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کے چیئرمین قمر زمان نے کہا ہے کہ سکواش کے میدان میں پاکستان کا مستقبل روشن ہے، ملک میں ایسے نوجوان کھلاڑی موجود ہیں جو بین الاقوامی سطح پر میگا ایونٹ میں پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں، ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کےلئے مختلف شہروں میں تربیت کیمپ لگائے گئے ہیں ، نامور کھلاڑیوں کو اپنی فٹنس کے ساتھ ٹیلنٹ اور مورال کو بہتر بنانا ہوگا تاکہ وہ سکواش کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔
انہوں نے منگل کو ’’ اے پی پی ‘‘ کو انٹرویومیں کہا کہ ملک میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کےلئے پشاور اور لاہور میں تربیت کیمپ جاری ہیں ، پشاو رمیں تربیتی کیمپ کی نگرانی میں خود کر رہا ہوں، جہاں پر رمضان المبارک میں انڈر 7 ،انڈر 8 ، انڈر 9، انڈر 10 اور انڈر 11 کے 110 لڑکے اور لڑکیاں تربیت حاصل کر رہی ہیں اور انہیں چیف کوچز جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں، انہی کھلاڑیوں کا 5 مارچ سے 16 مارچ تک ٹورنامنٹ کا انعقاد بھی کیا جائے گا تا کہ ان کی میچ پریکٹس ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے لاہور میں بھی تربیتی کیمپ لگائے ہیں جس میں جونیئر کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں ۔
اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں ٹاپ رینکنگ کے 10 کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری ہے جہاں پر کوچز ان کی فزیکل ٹریننگ اور ٹیکنیکل ایشوز پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس دو کھلاڑی نور زمان جو حال ہی میں کراچی میں ورلڈ انڈر 23 چیمپئن شپ جیتے ہیں اور دوسرے حمزہ خان جو ورلڈ جوینئر سکواش ایونٹ جیتے ہیں ، موجود ہیں جو بین الاقوامی سطح پر میگا ایونٹس میں پاکستان کےلئے کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ۔
قمر زمان نے کہا کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی ایونٹس ہونے چاہئیں تاکہ کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں بہتری اور نکھار آسکے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کو نور زمان او حمزہ خان کو زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی ایونٹس میں مواقع فراہم کرنا چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کا پاکستان ایئر فورس بھرپور تعاون کر رہی ہے اور انہی کی وجہ سے دو جوینئر ایونٹس میں کھلاڑیوں نے کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کی جانب سے اسلام آباد میں دس ٹاپ رینکنگ کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری ہے اور کوچز کے ساتھ ساتھ فیڈریشن کے سیکرٹری عامر نواز بھی کھلاڑیوں کے ساتھ خوب محنت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی سکلز فٹنس میں بہتری کےلئے ہر چھ ماہ بعد دو ماہ کے تربیتی کیمپ ہونے چاہئیں تاکہ کھلاڑیوں کا فزیکل فٹنس اور مورال مزید بہتر ہوسکے اور وہ بین الاقوامی مقابلوں میں کامیابی حاصل کر کے پاکستان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکیں۔








