ٹوکیو۔4مارچ (اے پی پی):جاپان کئی دہائیوں کی اپنی سب سے بڑی سرمائی پیرا اولمپک ٹیم کے ساتھ میلان کورٹینا گیمز میں شرکت کرے گا، جو آئندہ جمعہ سے شروع ہو کر 15 مارچ تک جاری رہیں گے۔ اٹلی میں منعقد ہونے والے یہ کھیل 2006 کے ٹورینو گیمز کے بعد پہلے سرمائی پیرا اولمپکس ہیں اور مقابلوں کی پچاسویں سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے۔ 6 کھیلوں کے 79 مقابلوں …
جاپان کئی دہائیوں کی سب سے بڑی ٹیم کے ساتھ سرمائی پیرا اولمپکس میں شرکت کے لیے تیار

مزید خبریں
ٹوکیو۔4مارچ (اے پی پی):جاپان کئی دہائیوں کی اپنی سب سے بڑی سرمائی پیرا اولمپک ٹیم کے ساتھ میلان کورٹینا گیمز میں شرکت کرے گا، جو آئندہ جمعہ سے شروع ہو کر 15 مارچ تک جاری رہیں گے۔ اٹلی میں منعقد ہونے والے یہ کھیل 2006 کے ٹورینو گیمز کے بعد پہلے سرمائی پیرا اولمپکس ہیں اور مقابلوں کی پچاسویں سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے۔ 6 کھیلوں کے 79 مقابلوں میں 600 سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے۔کیوڈو کے مطابق جاپان چھ کے چھ کھیلوں میں مجموعی طور پر 44 کھلاڑیوں کو میدان میں اتار رہا ہے، جو بیرون ملک سرمائی پیرا اولمپکس کے لیے اس کا سب سے بڑا دستہ ہے۔ اس سے قبل 1998 کے ناگانو گیمز میں 70 کھلاڑی شریک ہوئے تھے۔
جاپان نے 2022 کے بیجنگ سرمائی پیرا اولمپکس میں 7تمغے حاصل کیے تھے، جبکہ اس کی بہترین کارکردگی ناگانو میں 41 تمغوں کی صورت میں سامنے آئی تھی۔وہیل چیئر کرلنگ ڈبلز میں اکی اوگاوا اور یوجی ناکاجیما سے طلائی تمغے کی امید کی جا رہی ہے۔ دونوں گزشتہ برس عالمی چیمپئن بنے تھے اور 2010 کے بعد پیرا اولمپکس میں حصہ لینے والے پہلے جاپانی وہیل چیئر کرلرز ہیں۔پیرا آئس ہاکی میں جاپان 8 برس بعد واپسی کر رہا ہے۔
ٹیم میں تجربہ کار اور نئے کھلاڑی شامل ہیں، جن میں اکاری فوکونیشی ملک کی نمائندگی کرنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔ اس ٹیم کی بہترین کارکردگی 2010 میں رہی جب اس نے امریکہ کے بعد چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔پیرا کراس کنٹری سکیئنگ میں بیجنگ کے طلائی تمغہ یافتہ تائیکی کاوایوکے 10 کلومیٹر کلاسیکل ایونٹ میں ایک بار پھر کامیابی کے لیے پرعزم ہیں۔
ان کے ساتھی 45 سالہ یوشی ہیرو نیتا بھی مسلسل آٹھویں پیرا اولمپکس میں حصہ لے رہے ہیں اور اپنے شاندار ماضی کو دہرانا چاہتے ہیں۔پیرا الپائن سکیئنگ میں 28 سالہ موموکا موراؤکا سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ وہ بیجنگ میں 3 طلائی سمیت 4 تمغے جیت چکی ہیں اور اگر اس بار بھی کامیاب رہیں تو جاپان کی سب سے زیادہ تمغے جیتنے والی سرمائی پیرا اولمپئن بن سکتی ہیں۔ یہ اعزاز اس وقت کُنیکو اوبیناتا کے پاس ہے جو 10تمغے جیت چکی ہیں اور رواں سال جاپانی دستے کی قیادت کر رہی ہیں۔
سنوبورڈنگ میں ٹیم کے پرچم بردار جونتا کوسودا کو مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے، جنہوں نے 2025 کی عالمی چیمپئن شپ میں بینکڈ سلالوم میں طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔ اری ساکاشیتا بھی تاریخ رقم کرنے جا رہی ہیں کیونکہ وہ پیرا اولمپکس میں سنوبورڈنگ میں جاپان کی نمائندگی کرنے والی پہلی خاتون ہوں گی۔








