پائیدار ترقی، اقتصادی استحکام اور جمہوری مستقبل کیلئے خواتین کو بااختیر بنانا ناگزیر ہے، شیری رحمان

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا صرف اخلاقی فرض نہیں بلکہ پاکستان کی پائیدار ترقی، اقتصادی استحکام اور جمہوری مستقبل کے لیے ناگزیر ہے ۔عالمی یومِ خواتین کے موقع پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ خواتین دنیا بھر کے مردوں اور عورتوں کے لیے ایک اہم لمحہِ جائزہ اور احتساب ہے،ہم نہ صرف دنیا کی تمام خواتین کو …

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا صرف اخلاقی فرض نہیں بلکہ پاکستان کی پائیدار ترقی، اقتصادی استحکام اور جمہوری مستقبل کے لیے ناگزیر ہے ۔عالمی یومِ خواتین کے موقع پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ خواتین دنیا بھر کے مردوں اور عورتوں کے لیے ایک اہم لمحہِ جائزہ اور احتساب ہے،ہم نہ صرف دنیا کی تمام خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں بلکہ ان خواتین کو بھی یاد کرتے ہیں جو تنازعات اور آفات کے شکار علاقوں میں زندگی گزار رہی ہیں، ان کا دکھ برسوں سے خاموشی میں جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ دنیا میں بھی خواتین وہ ترقی نہیں کر رہیں جو ان کا جائز حق تھا، نہ صرف تنخواہ اور مواقع میں مردوں کے برابر بلکہ گھریلو تشدد میں بھی تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔ شہید بینظیر بھٹو کی میراث پر روشنی ڈالتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ان کی قیادت نے خواتین کی بااختیاری اور سماجی تحفظ میں انقلابی پیش رفت کے لیے بنیاد رکھی۔ان کے سب سے مؤثر اقدامات میں لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام شامل ہےجس نے پاکستان میں صحت کی خدمات کو بدل کر رکھ دیا۔

عالمی بینک نے اسے ’’گولڈ اسٹینڈرڈ‘‘قرار دیا ہےجس نے دور دراز اور غیر خدمات یافتہ کمیونٹیوں تک بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف صحت کے نظام کو مضبوط بنانے میں مددگار رہا بلکہ خواتین کی معاشی بااختیاری کے لیے بے مثال مواقع بھی فراہم کیے۔ اس پروگرام نے خواتین کو فرنٹ لائن ہیلتھ ورکر کے طور پر خدمات فراہم کرنے کے قابل بنایاجس سے خواتین کو ملازمت کے مواقع ملے اور کمیونٹی کی صحت میں بہتری آئی۔سینیٹر شیری رحمان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کو آگے بڑھا رہی ہے جس میں ایک ترقی پسند اور شمولیتی پاکستان کا خواب شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنےاقدامات میں خواتین، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کے حقوق کے علمبردار ہیں، انتہاپسندی اورناانصافی کے خلاف کھڑے ہیں اور پاکستان کے مستقبل کے لیے اصلاح پسندانہ وژن پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین ملک کی نصف آبادی ہونے کے باوجود معاشی اور سماجی پالیسیوں میں زیادہ تر نظرانداز ہیں۔