ریاض ۔18مارچ (اے پی پی):سعودی عرب میں پرنس محمد بن سلمان پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے میں مدینہ منورہ ریجن کی کمشنری الحناکیہ میں تاریخی مسجد القلعہ کی تعمیرِ نو و بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔اردو نیوز کے مطابق مسجد القلعہ مدینہ منورہ کے شمال مشرق میں 102 کلومیٹر دوری پر الحناکیہ کے تاریخی علاقہ القلعہ میں واقع ہے، اسی مناسبت سے اس کا نام مسجد القلعہ پڑ …
مدینہ منورہ ریجن میں 14 ویں صدی ہجری کی مسجد القلعہ کی تعمیرِ نو
ریاض ۔18مارچ (اے پی پی):سعودی عرب میں پرنس محمد بن سلمان پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے میں مدینہ منورہ ریجن کی کمشنری الحناکیہ میں تاریخی مسجد القلعہ کی تعمیرِ نو و بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔اردو نیوز کے مطابق مسجد القلعہ مدینہ منورہ کے شمال مشرق میں 102 کلومیٹر دوری پر الحناکیہ کے تاریخی علاقہ القلعہ میں واقع ہے، اسی مناسبت سے اس کا نام مسجد القلعہ پڑ گیا۔ مسجد کا مجموعی رقبہ 181.75 میٹرمربع تھا جو تعمیر نو کے بعد 263.55 میٹر مربع کردیا گیا جس کے بعد مسجد میں نمازیوں کی گنجائش 171 ہو گئی۔تاریخی حوالوں کے مطابق مسجد کی اولین تعمیر 14 ویں صدی ہجری میں کی گئی۔
مسجد کا سابقہ نام علاقے کے گورنر حمد بن سمیحہ کے نام پر رکھا گیا، الحناکیہ کے لوگوں نے بھی اس دور میں مسجد کی تعمیر میں بھرپور حصہ لیا تھا جو سماجی تعاون کی عکاس ہے۔تاریخ کے مختلف ادوار میں مسجد سے متعدد آئمہ اور موذنین وابستہ رہے جن میں سرفہرست شیخ محمد رشادالحربی بطور امام اور خلیل الترکی موذن کے فرائض ادا کرتے تھے۔ واضح رہے پرنس محمد بن سلمان پراجیکٹ مملکت کی ثقافتی و تہذیبی جہت کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔منصوبے کے چار بنیادی اہداف جن میں تاریخی مساجد کی تعمیرِ نو، قدیم تعمیری ساخت کو بحال کرنا،مساجد کی تاریخی حیثیت کو نمایاں کرنا اور آنے والی نسلوں کے لیے سعودی عرب کے تعمیراتی اور تاریخی ورثے کو محفوظ رکھنا شامل ہے۔









