اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی (پاور) سردار اویس احمد خان لغاری نے یومِ پاکستان پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940وہ عظیم تاریخی سنگِ میل ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ اور آزاد وطن کی راہ ہموار کی۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں خود انحصاری، عملی جدوجہد اور اپنی قومی ترجیحات …
وفاقی وزیر توانائی کا یومِ پاکستان پر قوم کے نام پیغام، توانائی کے شعبے میں خود انحصاری اور سستی بجلی کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی (پاور) سردار اویس احمد خان لغاری نے یومِ پاکستان پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940وہ عظیم تاریخی سنگِ میل ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ اور آزاد وطن کی راہ ہموار کی۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں خود انحصاری، عملی جدوجہد اور اپنی قومی ترجیحات کو نئے سرے سے متعین کرنے کا درس دیتا ہے۔سردار اویس لغاری نے بانیِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کا "یقینِ محکم” اور علامہ اقبال کا "تصورِ خودی” ہی وہ مضبوط بنیادیں ہیں جن پر پاکستان کی عمارت قائم ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان محض ایک تاریخ نہیں بلکہ ہماری قومی شناخت، خودمختاری اور ہر سال ایک نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی علامت ہے۔توانائی کے شعبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ توانائی کا شعبہ کسی بھی ملک کی قومی سلامتی اور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت توانائی کے شعبے میں استحکام لانے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ توانائی پالیسی کے تحت حکومت بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جس کے مثبت اثرات صنعتوں کو ملنے والے ریلیف کی صورت میں ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
سردار اویس احمد خان لغاری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام اور صنعت کاروں کو سستی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان کے موقع پر ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ توانائی کے شعبے میں شفافیت لانے، بجلی کی ترسیل کے نظام (Transmission System) کو بہتر بنانے اور صنعتی ترقی کو اپنی اولین ترجیح رکھیں گے۔پیغام کے آخر میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم پاکستان کو ایک مضبوط اور مستحکم ریاست بنانے کے لیے اپنے حصے کا کام تندہی سے جاری رکھیں گے۔ پاکستان زندہ باد!








