وزیر اعظم شہباز شریف کی ایران کے صدر سے ٹیلیفون پر گفتگو، ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارتکاری کی طرف واپسی کی ضرورت پر زور

لاہور۔23مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خلیج میں جاری خطرناک صورتحال پر گہری تشویش اور ایرانی عوام کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سنگین صورتحال کے پیش نظر تمام ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارتکاری کی طرف واپسی کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف …

لاہور۔23مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خلیج میں جاری خطرناک صورتحال پر گہری تشویش اور ایرانی عوام کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سنگین صورتحال کے پیش نظر تمام ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارتکاری کی طرف واپسی کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیر کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر اور ایران کے برادر عوام کو عیدالفطر اور نوروز کی مبارکباد دی۔ ایرانی صدر نے وزیر اعظم کے جذبات کا پرتپاک انداز میں جواب دیتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے بطور ہمسایہ برادر ملک جاری کشیدگی کے تناظر میں بہادر ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں و متاثرین کی جلد صحتیابی اور سلامتی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم نے خلیجی خطے میں جاری خطرناک صورتحال پر اپنی گہری تشویش کا بھی اظہار کیا۔ اس سنگین صورتحال کے پیش نظر انہوں نے تمام ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارتکاری کی طرف واپسی کی فوری ضرورت پر زور دیا تاکہ اختلافات کو پرامن طریقے سے حل کیا جا سکے۔ انہوں نے امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی اہمیت پر بھی زور دیا، جس کی اس وقت اشد ضرورت ہے۔ پاکستان کی قیادت کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے ایرانی قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔