اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی) کی مقامی صنعت کے فروغ سے متعلق پالیسی کو ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے تحت پاکستانی صنعتوں کو 12.673 ارب روپے کے معاہدے دیئے گئے ہیں جبکہ مقامی سطح پر تیار کردہ کنڈکٹرز کے استعمال کے باعث درآمدی انحصار میں کمی کے ساتھ لاگت میں …
نیشنل گرڈ کمپنی کی مقامی صنعت کے فروغ سے متعلق پالیسی اہم کامیابی ہے ، سردار اویس احمد خان لغاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی) کی مقامی صنعت کے فروغ سے متعلق پالیسی کو ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے تحت پاکستانی صنعتوں کو 12.673 ارب روپے کے معاہدے دیئے گئے ہیں جبکہ مقامی سطح پر تیار کردہ کنڈکٹرز کے استعمال کے باعث درآمدی انحصار میں کمی کے ساتھ لاگت میں تقریباً 40 فیصد تک کی موثر بچت ممکن ہوئی۔ بدھ کو جاری بیان میں وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ یہ ٹھوس نتائج حکومت کی ان اصلاحات کا عکاس ہیں جن کا مقصد مقامی پیداوار کو فروغ دینا، درآمدات پر انحصار کم کرنا اور معیشت کے لیے فوائد فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے ذریعے مقامی صنعتوں کو ایجوکیشنل آرڈرز، بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں اور مقامی ذیلی اداروں کے قیام کے ذریعے بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر کی قیادت میں اب تک 900 ملین روپے مالیت کے 9 ایجوکیشنل آرڈرز جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ 11 مقامی کمپنیوں کو استعداد کار میں اضافے کے لیے رجسٹر کیا گیا ہے جس سے ملک کی صنعتی بنیاد مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پالیسی کے اثرات محض لاگت میں کمی تک محدود نہیں بلکہ یہ زرمبادلہ کے تحفظ کے ذریعے مجموعی معاشی استحکام میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
مقامی سطح پر تیار کردہ مواد کی بروقت فراہمی سے منصوبوں کی جلد تکمیل ممکن ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں ملک بھر میں ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر کی ترقی میں تیزی آ رہی ہے۔ آئندہ کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ مقامی پیداوار کا فروغ برآمدات پر مبنی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے، خصوصاً سٹیل، کیبل اور کنڈکٹر کے شعبوں میں جہاں مقامی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاور ڈویژن صنعتی خود کفالت اور پائیدار معاشی استحکام کے فروغ کے لیے ایسی پالیسیوں کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گا۔








