امریکہ ۔ایران مذاکرات کی میزبانی کی پاکستانی پیشکش عالمی امن کیلئے اہم پیش رفت ہے،افتخار علی ملک

لاہور۔25مارچ (اے پی پی):پاک۔امریکہ بزنس کونسل کے بانی چیئرمین اور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش کو ایک دور اندیش اور فعال سفارتی اقدام قرار دیا ہے۔بدھ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا …

لاہور۔25مارچ (اے پی پی):پاک۔امریکہ بزنس کونسل کے بانی چیئرمین اور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش کو ایک دور اندیش اور فعال سفارتی اقدام قرار دیا ہے۔بدھ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہایت بروقت اور تعمیری ہے،جس کا مقصد مشرقِ وسطی میں جاری کشیدگی کے خاتمے کیلئے نتیجہ خیز اور حتمی مذاکرات کی راہ ہموار کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی متوازن خارجہ پالیسی اور عالمی سطح پر قابلِ اعتماد حیثیت کی بدولت ایک غیر جانبدار ثالث کا کردار ادا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔افتخار علی ملک نے کہا کہ اس نوعیت کی امن کوششیں نہ صرف بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی بلکہ خطے اور دنیا بھر میں طویل المدتی استحکام اور معاشی خوشحالی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطی کے تنازعات عالمی تجارت،توانائی کی منڈیوں اور معاشی ترقی پر بہت زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں،جن سے بالخصوص ترقی پذیر ممالک براہِ راست متاثر ہوتے ہیں۔اس لیے تصادم کے بجائے مذاکرات کو فروغ دینے والے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام متعلقہ فریقین پاکستان کی یہ سفارتی پیشکش مثبت انداز میں قبول کریں گے اور یہ پائیدار امن،باہمی اعتماد اور عالمی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوں گی۔