وفاقی وزیر مواصلات سے ایرانی سفیر کی ملاقات،دوطرفہ تجارت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔ 26 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، دوطرفہ تجارتی امور اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ایران کے سپریم لیڈر اور عوام سے حالیہ جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا …

اسلام آباد۔ 26 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، دوطرفہ تجارتی امور اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ایران کے سپریم لیڈر اور عوام سے حالیہ جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ایران اور ایرانی عوام کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 26 دنوں میں ایران نے جرات اور حوصلے کی نئی مثال قائم کی ہے، اور پوری مسلم امہ کے دل ایران کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے مستقبل میں بہتری کے لیے ایران کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے وفاقی وزیر کی جانب سے فوری تعزیتی پیغام بھیجنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان اور عظیم پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ پہلے کی طرح ایران کو اس بار بھی فتح نصیب ہو گی۔ملاقات میں پاکستان اور ایران کے مابین مختلف تجارتی اور دوطرفہ امور پر بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں پاک ایران تعلقات کی مضبوطی اور باہمی رابطوں کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔