وفاقی وزیر داخلہ کا اے این ایف ہیڈکوارٹرز کا دورہ، فاؤنڈیشن کے قیام کی منظوری،تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف آگاہی مزید موثر بنانے کا حکم

اسلام آباد۔ 26 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر نے زیر تعمیر’’نیشنل کاؤنٹر نارکوٹکس کوآرڈینیشن سنٹر‘‘ کا معائنہ کیا اور اے این ایف ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر …

اسلام آباد۔ 26 مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران وفاقی وزیر نے زیر تعمیر’’نیشنل کاؤنٹر نارکوٹکس کوآرڈینیشن سنٹر‘‘ کا معائنہ کیا اور اے این ایف ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر کو اے این ایف کی کارکردگی، آپریشنز اور افعالِ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منشیات کے جرائم میں سزا کی شرح 82 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جبکہ منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث 22 ملکی اور 9 غیر ملکی ڈرگ ٹریفکنگ آرگنائزیشنز کو کامیابی سے توڑا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، پوپی (افیم) کی فصل کی کاشت کی تلفی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔وفاقی وزیر محسن نقوی نے نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے ہر سطح پر بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کم وسائل اور افرادی قوت کے باوجود اے این ایف کی بہترین کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ’’اے این ایف فاؤنڈیشن‘‘کے قیام کی اصولی منظوری بھی دی۔اجلاس کے آغاز میں اے این ایف کے حال ہی میں شہید ہونے والے 6 شہدا کی بلندیِ درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے اے این ایف کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔