پی ٹی ڈی سی آئندہ منعقد ہونے والے پاکستان ٹریول مارٹ 2026 کا لیڈ گورنمنٹ پارٹنر ہوگا

پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) آئندہ منعقد ہونے والے پاکستان ٹریول مارٹ 2026 کا لیڈ گورنمنٹ پارٹنر ہوگا

اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) آئندہ منعقد ہونے والے پاکستان ٹریول مارٹ 2026 کا لیڈ گورنمنٹ پارٹنر ہوگا، یہ تین روزہ بین الاقوامی سیاحتی نمائش آئندہ ماہ 3 سے 5 اپریل تک ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہوگی۔ترجمان پی ٹی ڈی سی کے مطابق پاکستان ٹریول مارٹ 2026 ملک میں سیاحت کے فروغ، عالمی تعاون اور نیٹ ورکنگ کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گا جہاں مقامی و غیر ملکی ٹور آپریٹرز، ٹریول کمپنیز اور سیاحت سے وابستہ ادارے شرکت کریں گے۔

ایونٹ میں پاکستانی ٹورآپریٹرز کے لئے خصوصی پیکیجز بھی متعارف کرائے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے کاروبار کو وسعت دے سکیں اور پاکستان کے قدرتی مناظر،ثقافتی ورثے اور سیاحتی مقامات کو عالمی سطح پر اجاگر کر سکیں۔ٹور آپریٹرز اور سیاحت کے شعبے سے وابستہ اداروں کو نمائش میں شرکت اور اپنے سٹالز کے ذریعے خدمات پیش کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔

اس حوالے سے رجسٹریشن آن لائن بھی کی جا سکتی ہے جبکہ مزید معلومات کے لئے منتظمین سے فون اور ای میل کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔حکام کے مطابق پاکستان ٹریول مارٹ 2026 سیاحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور پاکستان کو عالمی سیاحتی نقشے پر مزید نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔