آپریشن غضب للحق کے ثمرات کے باعث پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں واضح کمی ہوئی ہے، عرب نیوز نے ’’سینٹر فارریسرچ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز‘‘ کی حقائق پر مبنی رپورٹ شائع کر دی

آپریشن غضب للحق کے ثمرات کے باعث پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں واضح کمی ہوئی ہے۔آپریشن غضب للحق میں پاکستان کی موثرحکمت عملی کی بدولت دہشت گردوں کے ناپاک عزائم زمیں بوس ہوگئے ہیں۔

اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):آپریشن غضب للحق کے ثمرات کے باعث پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں واضح کمی ہوئی ہے۔آپریشن غضب للحق میں پاکستان کی موثرحکمت عملی کی بدولت دہشت گردوں کے ناپاک عزائم زمیں بوس ہوگئے ہیں۔آپریشن غضب للحق کی بدولت فروری 2026ء کے مقابلے میں مارچ 2026ء میں دہشت گردی کے واقعات میں 59 فیصد کمی آئی ہے۔عرب نیوز نے معروف تحقیقاتی ادارے ’’سینٹر فارریسرچ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز‘‘ کی حقائق پر مبنی رپورٹ شائع کر دی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں خیبرپختونخوا میں 57 فیصد جبکہ دیگر شہروں میں بھی دہشت گردی میں واضح کمی واقع ہوئی، گزشتہ سال کے مقابلے میں 2026ء کی پہلی سہ ماہی میں دہشت گردی کے واقعات اور اموات میں کمی واقع ہوئی، سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں دہشت گردوں کی زیادہ ہلاکتیں عکاسی کرتی ہیں کہ آپریشنز زیادہ مربوط، موثر اور مہلک ثابت ہو رہے ہیں، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی جانب سے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں نہتے شہریوں پرحملے کیے گئے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں 2026ء کے پہلے 3 ماہ کے دوران مجموعی طور پر دہشت گردی کے واقعات میں 18 فیصد کمی رونما ہوئی۔ عالمی ماہرین کے مطابق آپریشن غضب للحق کے تحت افغانستان میں دہشت گردی کے مراکز کو بھاری نقصان پہنچا جس کی بدولت پاکستان میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی۔خطے میں پائیدار امن کیلئے طالبان رجیم کی سرپرستی میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ ناگزیر ہے، دہشت گردی کے واقعات میں کمی پاکستان کے غیرمتزلزل عزم اور آپریشن غضب للحق کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔