ملتان میں سوئی گیس ٹاسک فورس کی کارروائی، گیس چوری اور غیر قانونی استعمال پر 4 میٹر منقطع

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے ملتان کے مختلف علاقوں میں 60 مقامات کی چیکنگ کی، اس دوران 4 گیس میٹر منقطع کر دیے گئے۔

ملتان۔ 16 اگست (اے پی پی):سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس نے جنرل منیجر کی ہدایت پر گیس چوری، غیر قانونی استعمال اور تکنیکی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے ملتان کے مختلف علاقوں میں 60 مقامات کی چیکنگ کی، اس دوران 4 گیس میٹر منقطع کر دیے گئے۔ کارروائی کے دوران ایک میٹر برآمد کیا گیا جسے صارف نے اتار کر رکھا ہوا تھا، جبکہ تین میٹرز پر کمپریسر کے استعمال کی وجہ سے قواعد کی خلاف ورزی پائی گئی، جس پر متعلقہ میٹرز منقطع کر دیے گئے۔

یو ایف جی کنٹرول ٹاسک فورس کے مطابق کارروائیوں کا مقصد گیس چوری کے خاتمے کے ساتھ ساتھ گیس پریشر میں بہتری، صارفین کو بلا تعطل فراہمی اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے۔اس موقع پر جنرل منیجر سوئی گیس ملتان نے صارفین کو ہدایت کی کہ گیس استعمال کرنے سے قبل اس بات کا اطمینان کر لیں کہ کہیں گیس کی بو تو محسوس نہیں ہو رہی۔

گیس کی بو محسوس ہونے کی صورت میں فوری طور پر تمام کھڑکیاں اور دروازے کھول دیے جائیں اور گیس یا بجلی سے چلنے والے کسی بھی آلے کو ہرگز آن نہ کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ گیس چوری اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ صارفین کو محفوظ، معیاری اور مسلسل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔