اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دونوں جانب سے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور استعداد کار میں اضافہ جیسے مشترکہ …
سپیکر قومی اسمبلی سے کینیڈین ہائی کمشنر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔2اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دونوں جانب سے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور استعداد کار میں اضافہ جیسے مشترکہ ترجیحی شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کینیڈا کے ہائی کمشنر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور تجارت و معاشی شراکت داری کے فروغ کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی فہم اور دوستی کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا کی پہلی گرین پارلیمنٹ ہونے کا اعزاز رکھتی ہے اور ملک میں بالخصوص زراعت اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے جمہوری اقدار کے فروغ اور ادارہ جاتی ترقی کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور تعلیم، سرمایہ کاری اور استعداد کار میں اضافہ جیسے اہم شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے میں کینیڈا کی گہری دلچسپی کا اعادہ کیا۔ دونوں جانب سے پاکستان-کینیڈا تعلقات کی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ہر سطح پر قریبی روابط جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔








