روبرٹو ڈی زربی کی ٹوٹنہم شائقین سے معذرت، میسن گرین وُڈ سے متعلق بیانات پر وضاحت

لندن۔3اپریل (اے پی پی):انگلش فٹبال کلب ٹوٹنہم ہاٹسپر کے نئے کوچ روبرٹو ڈی زربی نے کلب کے شائقین سے معذرت کر لی ہے، جنہیں ان کے ماضی میں میسن گرین وُڈ کے بارے میں دئیے گئے بیانات پر اعتراض تھا۔بی بی سی کے مطابق ڈی زربی نے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی خواتین کے خلاف تشدد یا کسی بھی قسم کے تشدد کے معاملے کو کم تر دکھانے کا …

لندن۔3اپریل (اے پی پی):انگلش فٹبال کلب ٹوٹنہم ہاٹسپر کے نئے کوچ روبرٹو ڈی زربی نے کلب کے شائقین سے معذرت کر لی ہے، جنہیں ان کے ماضی میں میسن گرین وُڈ کے بارے میں دئیے گئے بیانات پر اعتراض تھا۔بی بی سی کے مطابق ڈی زربی نے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی خواتین کے خلاف تشدد یا کسی بھی قسم کے تشدد کے معاملے کو کم تر دکھانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ان کے الفاظ کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا۔یاد رہے کہ میسن گرین وُڈ پر اکتوبر 2022 میں زیادتی کی کوشش، جبر اور حملے جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے، تاہم فروری 2023 میں برطانوی استغاثہ نے اہم گواہوں کی عدم دستیابی اور سزا کے کم امکانات کے باعث یہ مقدمہ ختم کر دیا تھا۔اپنے پہلے انٹرویو میں ڈی زربی نے اطالوی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ کمزور اور متاثرہ افراد کے حق میں کھڑے رہے ہیں۔ ان کے مطابق وہ جیت یا ٹائٹل حاصل کرنے کے لئے اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرتے۔

انہوں نے کہاکہ اگر میرے الفاظ سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو میں معذرت خواہ ہوں۔ میری ایک بیٹی ہے اور میں ایسے معاملات کے بارے میں ہمیشہ حساس رہا ہوں۔اس سے قبل مارسے کے کوچ کے طور پر اپنے دور میں ڈی زربی نے گرین وُڈ کو اچھا انسان قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اپنی زندگی میں پیش آنے والے واقعات کی بھاری قیمت ادا کر چکے ہیں، جس پر انگلینڈ میں خاصی تنقید کی گئی۔ڈی زربی کی ٹوٹنہم میں تقرری سے قبل متعدد شائقین گروپس نے ان کی مخالفت کی تھی، جبکہ ٹوٹنہم ہاٹسپر سپورٹرز ٹرسٹ نے بھی اس فیصلے پر سنجیدہ خدشات کا اظہار کیا تھا۔ٹوٹنہم نے ڈی زربی کو اس وقت ٹیم کا کوچ مقرر کیا جب عبوری کوچ ایگور ٹیوڈر کو خراب کارکردگی کے باعث برطرف کر دیا گیا۔ ٹیم اس وقت پریمیئر لیگ میں تنزلی کے خطرے سے دوچار ہے۔ڈی زربی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ آئندہ سیزن میں بھی ٹیم کے ساتھ رہیں گے، چاہے کلب چیمپئن شپ میں ہی کیوں نہ چلا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے کھلاڑیوں میں صلاحیت موجود ہے اور انہیں صرف اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے۔